الخدمت وجمعیت کے تحت 3روزہ ’’ کلین اینڈ گرین ‘‘ جامعہ کراچی مہم ختم
کراچی (نیوز رپورٹر)الخدمت اوراسلامی جمعیت طلبہ کے تحتـ ‘‘ جامعہ کراچی میں ’’ارتھ ڈے‘‘ کی مناسبت سے 3روزہ ـ’’ کلین اینڈ گرین’ ‘مہم جمعہ کو اختتام پذیر ہو گئی ۔مہم میں جامعہ کر اچی کے سیکیورٹی ایڈوائزرڈاکٹر معیز ،اسٹوڈنٹس ایڈوائزرڈاکٹرعاصم ،منیجر ڈٖیزاسٹر مینجمنٹ الخدمت کر اچی سرفراز شیخ ، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی اسید باقی ، جامعہ کراچی کے طلبہ وطالبات و اساتذہ نے بھر پور شرکت کی ۔مہم کے دوران جامعہ کراچی میں ماحول کو صاف ستھر ا بنانے کیلئے جامعہ میں موجود جھاڑیاں ہٹا دی گئیں ۔کچرا صاف کیا گیا ۔جہاں جہاں پانی جمع تھا وہا ں نکاسی آب کی گئی اورجراثیم کش ادویہ کا اسپرے کیا گیا ۔مہم کا مقصد اپنے ماحول کو صاف ستھرا اور ہرابھرارکھنے کا شعور بیدار کرنا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر معیزنے کہا کہ جامعہ کراچی میں جاری مہم خوش آئند ہے۔ الخدمت اور اسلامی جمعیت طلبہ کا یہ اقدام قابل تقلید ہے ۔انہوں ے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ طلبہ اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کوآلودگی اور صحت وصفائی صاف پانی جیسے مسائل درپیش ہیں اور ان مسائل کی وجہ سے لوگ پریشانیوں میں مبتلا ہیں ،آلودگی کے خاتمے کیلئے ہم زیادہ سے زیادہ شجرکاری کر کے اور ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر کئی مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ اس مہم سے ملک بھر میں ایک اچھا پیغام جائے گا ،ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف ستھرا رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے گھروں کو صاف رکھتے ہیں ۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے گلی محلے کو صاف رکھیں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں ،کیوں کہ صفائی نصف ایمان ہے۔ انہوں نے الخدمت کے تعاون پراظہار تشکر کیا ۔سید اسید نے کہا کہ الخدمت اور جمعیت کی اس مہم کا مقصد نہ صرف تعلیمی اداروں بلکہ اپنے ادرد گر دکے ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے کیلئے شعور بیدا کرنا ہے ۔