صوبائی وزیر بلدیات کا دورہ شہر‘ ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا
کراچی(نیوز رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ اور سیکرٹری بلدیات انجینئر سید نجم احمد شاہ نے جمعہ کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا ٹیم کے ہمراہ تفصیلی دورہ کیا جس میں شہر کے اندر جاری ترقیاتی منصوبوں، پیپلز بس سروس روٹ کا معائنہ، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور صفائی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔وزیر بلدیات سندھ نے دورے کے دوران، ملیر، کھوکرا پار، شاہ فیصل کالونی، کورنگی کراسنگ، کاز وے سمیت متعدد علاقوں کا جائزہ لیا اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔ ناصر حسین شاہ نے پیپلز بس سروس کے کھوکرا پار تا ٹاور روٹ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور موقع پر موجود ٹیکنیکل اسٹاف کو ضروری ہدایات دیں۔ اس موقع پر موجود میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام کے لئے پیپلز بس سروس حکومت سندھ کا ایک نایاب و نادر تحفہ ہے جس سے شہر کے تمام علاقوں میں رہنے والے افراد کو بہترین سفری سہولیات میسر آرہی ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ عوام کی آسانی کی خاطر شروع کی گئی پیپلز بس سروس کے تین روٹس پر پوری رفتار سے کام جاری ہے اور عاشورہ کے فوری بعد مزید چار روٹس پر کام کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔وزیر بلدیات سندھ کے مطابق چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایات کی روشنی میں حکومت سندھ عوامی منفعت کے متعدد منصوبہ جات پر کام کررہی ہے جن سے صوبے کی عوام کو مستقل ریلیف اور آسانی میسر آسکے گی۔ ناصر حسین شاہ نے ماہ محرم الحرام میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے امام بارگاہوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود منتظمین اور علما کرام سے ملاقات کی۔ ناصر حسین شاہ نے عزادارن حسین کی خدمت میں مصروف رضاکاروں کے ہمراہ سبیل امام حسین سے عوام کو سیراب کیا اور ضلعی انتظامیہ کو محرم الحرام کے جلوس کی گزرگاہوں کا بطور خاص خیال رکھنے کا حکم دیا۔وزیر بلدیات سندھ نے شہر کے تمام علاقوں میں صفائی و ستھرائی کی صورت حال بہترین بنانے اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی مرمت کی ہدایات دیں اور بطور خاص پانی کی سپلائی کو بلا تعطل اور بہتر بنانے کا حکم دیا۔