بھارت سے مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہوگا‘ ملک ساجد اعوان
کراچی(سٹی نیوز)بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور ظلم وزیادتی کے 2 سال مکمل ہونے پر یوم استحصال کے موقع پر مسلم لیگ ن لائرز فورم سندھ کے رہنماؤں ملک ساجد اعوان ایڈووکیٹ ، اسلم خٹک ایڈوکیٹ ، امجد علی ایڈوکیٹ ودیگر نے مقبوضہ کشمیر کے عوام اور اسیر کشمیری حریت رہنما 'یسین ملک کے ساتھ سٹی کورٹس میں اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہوگا اور بھارت کو ایک ایک ظلم و ستم کا حساب دینا ہوگا۔بھارت نے سات دہائیوں سے زیادہ جو جو ظلم وبربریت کی سیاہ داستانیں رقم کی ہیں اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ہم بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں غیر مقامی لوگوں کی آباد کاری کے بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں یہ سب گھناؤنے کھیل جلد اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے۔ اسلم خٹک ایڈوکیٹ صدر مسلم لیگ ن ضلع وسطی اور نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن لائرز فورم سندھ نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر آج دنیا کی سب سے بڑی سیاہ ترین جیل ہے عالمی دنیا مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی ہونے والی خونریزی کو روکنے کیلئے مثا لی کردار ادا کرے، عالمی دنیا کشمیری عوام کے رائے شماری کے جمہوری حق کی حمایت کرے، پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکنوں نے کشمیری عوام کی جمہوری جدوجہد کی ہمیشہ حمایت جاری رکھے گی۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔