سستی بجلی کی پیداوار میں اضافہ حکومتی ترجیح: جمال لغاری

ملتان.(سماجی رپورٹر)چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹر ز سردار جمال خان لغاری نے کہا ہے کہ میپکو بورڈ ملازمین کی فلاح وبہبود اورصارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرے گا۔ وہ میپکو کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پہلے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح سستی بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہے جس کے لئے پالیسی لائی جارہی ہے کہ درآمد شدہ فیول سے بجلی کی پیداوار میں کمی لائی جائے اور ونڈ، سولر، کول سے چلنے والے پلانٹ لگائے جائیں گے۔ موجودہ حکومت کے مثبت اقدامات سے گردشی قرضہ میں کمی آئی ہے۔ حکومت لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کے لئے اقدامات اْٹھارہی ہے جس کے نتائج جلد برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غلط ریڈنگ کرنے والے ملازمین کے خلاف نوکری سے فراغت کی کاروائی کریں گے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بورڈ ڈائریکٹر/سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر فضل اللہ دْرانی، بورڈ ڈائریکٹرز خرم مشتاق، محمد نوازش علی پیرزادہ، میاں شاہد اقبال، اصغر لغاری، امدادالدین، رانا یاسر رؤف، محمد جابر، جوائنٹ سیکرٹری (بجٹ)فنانس ڈویڑن اسلام آباد جاوید اقبال خان، فنانس ڈائریکٹر میپکو میاں انصار محمود اور کمپنی سیکرٹری ساجد یعقوب انصاری بھی موجود تھے۔