جنرل ہسپتال میں ڈاکٹرز تشدد ، ہنگامی اجلاس، اہم فیصلے
لاہور(نیوزرپورٹر)جنرل ہسپتال میں ڈاکٹرز پر تشدد کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ڈاکٹرز کو زدوکوب اور انہیں زخمی کرنے والے ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچا کر مثال بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور ایسے گھناو¿نے اقدام کی جرات نہ ہو سکے۔انہوں نے جنرل ہسپتال کے لیگل ایڈوائزر کو اس مقدمے کی مکمل نگرانی و معاونت کرنے کی ہدایت کی۔پرنسپل نے اپنی زیر صدارت اس افسوسناک حوالے سے منعقدہ ہنگامی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی مسیحاکے روپ میں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہیں اور ڈاکٹرزو ہسپتال کے کسی بھی ملازم کو زدو کوب قابل برداشت نہیں ہو سکتا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی سے مطالبہ کیا ہے کہ جنرل ہسپتال کی پولیس چوکی میں ملازمین کی تعداد میں فی الفور اضافہ کیا جائے۔ تاکہ 24گھنٹے ہسپتال میں کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے فوری نمٹا جا سکے۔