تضھیک آمیز سو شل میڈیا ، مہم بے حسی نا قا بل قبول : میجر جنرل با بر افتخار
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ ایمن الظواہری کے واقعہ پر دفترخارجہ نے واضح پیغام جاری کردیا ہے، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے کہ پاکستان کی سرزمین استعمال ہو۔ جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیوں سے اجتناب کرنا چاہیے، جس کا جو دل کرتا ہے سوشل میڈیا پر لکھ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ممالک کی طرف یہ چیزیں فیڈ کی جاتی ہیں، بے جا قسم کے بیان دیئے جاتے ہیں جن کا کوئی ثبوت نہیں ہوتا، ایسی چیزوں سے صرف ملک کا نقصان ہوتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یکم اگست کو ہیلی کاپٹر کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، افسران فلڈ ریلیف کے کاموں کی نگرانی کر رہے تھے، حب ڈیم کے پاس اچانک موسم خراب ہوا اور ہیلی کاپٹر کریش ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی ساری تفصیلات ہمارے پاس آچکی ہیں، حادثے کے بعد جس طرح قوم کی سپورٹ ملی جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے، قوم کی اسی سپورٹ کی وجہ سے ہماری فوج کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا افسوسناک ہے، یہ بے حس رویہ ناقابل قبول ہے، اس کی ہر سطح پر مذمت ہونی چاہیے‘ ایسے عناصر کو رد کرنے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر منفی مہم کے باعث شہداء کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء کی فیملیز اور افواج پاکستان کی صفوں میں شدید غم و غصہ اور اضطراب ہے، اس مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تکلیف دہ اور توہین آمیز مہم جوئی کی گئی۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابل مذمت ہیں۔