کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں : سراج درانی
کراچی (نیوز رپورٹر)قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ تین سال سے، مقبوضہ وادی کے عوام آزادی اظہار اور دیگر بنیادی حقوق سے محروم ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔ قائم مقام گورنر سندھ نے مذید کہا کہ نو لاکھ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ وادی میں جاری محاصرے کو بلاتاخیر ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 370 اور 35 اے میں تبدیلی اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارتی اقدام نے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ قائم مقام گورنر سندھ نے اقوام متحدہ سے پْر زور اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق بحال کرائے۔ گورنر سندھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کی تحریکِ حقِ خود ارادیت کو دبانا مودی حکومت کے بس کی بات نہیں ، جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مِل جاتی، ایک بھی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھے گا۔ قائم مقام گورنر سندھ نے یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام حریت پسندوں کو فوری رہا کرنیکا مطالبہ کیا۔ قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی جدجہدِ حقِ خودارادیت کی ہر ممکن اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔