وزیراعلی کے پی کی امریکی سفیر سے ملاقات، رجیم چینج والا بیانیہ کہاں گیا،احمد خان
اسلام آباد(نا مہ نگار)مسلم لیگ (ن)کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے امریکی سفیر سے ملاقات کرکے عمران خان کے رجیم چینج کے بیانیہ پر تھپڑ رسید کیا ہے۔جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب ایک قدرتی آفت ہے، وزیراعظم خود سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، چند روز قبل بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثہ میں کور کمانڈر کوئٹہ اور ان کے ساتھی شہید ہوئے، ہم اس پر انتہائی غمزدہ ہیں، پوری قوم اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہیں۔ ہمیں اس بات پر شدید افسوس ہے کہ اس حوالہ تحریک انصاف کے چند نوجوان جو گمراہی کی حد سے آگے نکل چکے ہیں انہوں نے سوشل میڈیا پر بعض قابل اعتراض پوسٹیں لگائی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان امریکی سفیر سے مل رہے ہیں اور ان سے امداد اور گاڑیوں کی چابیاں لے رہے ہیں، جب سے تحریک عدم اعتماد آئی اس کے بعد آج تک یہ لوگ اپنے موقف بدل رہے ہیں۔