پریس کلب کی2 کروڑ روپے گرانٹ بحال کر دی پرویز الٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے نومنتخب وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی سے صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری کی ایوان وزیر اعلیٰ میں ملاقات ہوئی۔ صدر اعظم چوہدری نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی صحافی برادری کی ہردلعزیز شخصیت ہیں اور بلا شبہ محسن صحافت درجہ رکھتے ہیں، انہوں نے پریس کلب اور صحافی کالونی کے مسائل پر وزیر علیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کا بخوبی علم ہے اور پہلے بھی ہماری حکومت نے عوامی مسائل کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو بہترین سہولیات فراہم کیں تھیں، انہوں نے فوری طور پر لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ 2کروڑ روپے بحال کرنے کی منظوری دی جبکہ صحافی کالونی کے اے، بی ، سی اور ای بلاک میں صحافیوں کے پلاٹوں پر قبضوں کا جلد از جلد حل اور متبادل پلاٹس دینے کا وعدہ بھی کیا، انہوں نے صحافی کالونی کے فیز ٹو کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ فیز ون کی طرح فیز ٹو بھی ہماری حکومت کی جانب سے صحافیوں کیلئے ایک تحفہ ہوگا، ایف بلاک کے پلاٹوں کی نشاندہی کرکے ممبران کو پلاٹوں کے قبضے دینے بھی وعدہ کیا۔ لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری اور سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے چوہدری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔