حسینیت ، یذیدیت کی جنگ آج بھی جاری ہے:مولانا عزیز الرحمن ثانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سیدالشہداءامام عالی مقام نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت سیدنا امام حسینؓ اور ان کے رفقاءکربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام لاہور میں مختلف اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عزیز الرحمن ثانی، پیررضوان نفیس، مولانا جمیل الرحمن اختر، مولاناعلیم الدین شاکر، مولانا عبدالنعیم، مولانا خالد محمود، مولانا محبوب الحسن طاہر، مولانا عبدالعزیز نے کہا ہے کہ حسینیت اور یذیدیت کی جنگ آج بھی جاری ہے۔ حضرت امام حسینؓ جرا¿ت و استقامت اور حریت و عزیمت کا استعارہ ہیں۔ شہدائے کربلا کی لازوال قربانیاں تاریخ اسلام کا روشن باب ہے۔ فاسق و فاجر حکمرانوں کی مزاحمت کرنا درس کربلا ہے۔ حسینیت حق اور یذیدیت باطل کا نام ہے۔ حسینیت کا پرچم تا قیامت سر بلند رہے گا۔ اہل حق حسینی جذبے سے سرشار ہو کر ہر دور کی یذیدی قوتوں کی مزاحمت جاری رکھیں گے۔علماءنے کہا کہ استعماری طاقتوں کی سرکوبی کیلئے حسینی فکر کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔ نواسہ رسول نے سر کٹوا کر حفاظت دین کا حق ادا کر دیا۔ عہد حاضر کے یزیدوں کی سرکوبی کے لئے پیغام حسین کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ کفر کا غلبہ توڑنے کیلئے حسینی مشن تیز کرنا ہو گا۔