کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے:مرزا ایوب بیگ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان نے نئے نقشہ میں سارے کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھا کر صحیح سمت میں ایک بڑا قدم اُٹھایا ہے۔ یہ بات ترجمان تنظیم اسلامی مرزا ایوب بیگ نے ایک بیان میں کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ گزشتہ برس 5/اگست کو بھارت نے عالمی قوانین کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو بھارت میں ضم کر لیا حالانکہ سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق اُسے کشمیر کے باسیوں کو یہ حق دینا تھا کہ وہ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں کہ اُنھیں بھارت کے ساتھ الحاق کرنا ہے یا پاکستان کے ساتھ کرنا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بھارت کے اتنے بڑے جرم کے ارتکاب پر دنیا خاموش تماشائی بنی رہی۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر زندگی اجیرن کر دی گئی۔ حقیقت یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک سال سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستان اب عالمی قوتوں اور اداروں سے مطالبہ کرے کہ وہ کشمیریوں کو اِن کا حق بھارت سے دلائیں وگرنہ بصورت دیگر یہ خطہ جنگ کی آگ میں بُری طرح جھلس جائے گا۔