جاپانی کمپنی نپون سٹیل کا جنوبی کوریا کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان

جاپان کی فولاد ساز کمپنی نپون سٹیل کا کہا ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کی ضبطی کے جنوبی کوریا کی عدالت کے فیصلے کے خلاف فوری طور پر اپیل کرے گی۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق توقع ہے کہ جنوبی کوریائی عدالت، جنگ عظیم دوم کے دوران مذکورہ کمپنی کے کارخانوں میں جبری مشقت کرائے جانے کے دعویدار جنوبی کوریائی مدعیان کو ہرجانے کی ادائیگی کے لیے کمپنی کے اثاثوں کی فروخت کی کارروائی شروع کرے گی۔عدالت نے گذشتہ روز اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ضبطی کے حکم کی دستاویزات، جاپان کے حوالے کر دی گئی ہیں۔نپون سٹیل کے نائب صدر میاموتو کاتسوہیرو نے بذریعہ فون نیوز کانفرنس میں واضح کیا کہ دوران جنگ مشقت کا معاملہ، 1965 میں جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان معمول کے تعلقات کے قیام کے وقت ایک دو طرفہ معاہدے کے تحت، مکمل اور حتمی طور پر طے کر دیا گیا تھا۔ میاموتو نے کہا کہ ان کی کمپنی، جنوبی کوریا کی ایک فولاد ساز کمپنی کے ساتھ مشترکہ منصوبے میں اپنے حصے کی ضبطی کی کارروائی رکوانے کے لیے فوری طور پر اپیل دائر کرے گی۔ضبطی کے فیصلے کو حتمی حیثیت حاصل ہونے سے روکنے کے لیے، کمپنی کو آئندہ منگل تک لازماً اپیل دائر کرنا ہوگی۔