لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ڈیوٹی آف کیئر پالیسی کے تحت خواتین کرکٹرز کے لیے تین ماہ کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ خواتین کرکٹرز کی مالی امداد کی یہ تجویز عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والے ویمنز ونگ نے پیش کی تھی، جسے چیرمین پی سی بی احسان مانی نے منظور کرلیا۔ اس سکیم سے 25 خواتین کرکٹرز مستفید ہوں گی، جنہیں اگست سے اکتوبرتک ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔ ان 25 خواتین کرکٹرز کا اعلان کردہ سکیم کے لیے انتخاب، ان کی جانب سے اہلیت کے مقررہ معیار پر پورا اترنے کے بعدکیا گیا ہے۔ تین ماہ پر مشتمل اس سکیم کے لیے اہلیت کا جو معیار مقرر کیا گیا ہے اس کے مطابق ڈومیسٹک سیزن 2019-20ءکا حصہ ہونا، سیزن 2020-21ءکے لیے کنٹریکٹ نہ ملنا اور فی الحال آمدن کا کوئی ذریعہ (نوکری، کنٹریکٹ یا کاروبار) نہ ہونا شامل ہے۔ کورونا وائرس کی وباءسے کرکٹ کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ، جس کے سبب پیدا شدہ موجودہ معاشی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ان 25 خواتین کرکٹرز کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ جون میں خواتین کرکٹرز کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان بھی کر چکا ہے۔ جس کے مطابق 9 سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ اور اتنی ہی ایمرجنگ کھلاڑیوں کو دئیے گئے 12 ماہ پر مشتمل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی 2020 سے ہو چکا ہے۔ حالیہ اعلان کے بعد اب پی سی بی فی الحال مجموعی طور پر 43 خواتین کرکٹرز کی امداد کر رہا ہے۔ پاکستان ویمن کرکٹ کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کے باعث دنیا بھر میں خواتین کرکٹ کی سرگرمیاں رکی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وباءسے ہماری خواتین کرکٹرز بھی بہت متاثر ہوئی ہیں اور ان میں سے کچھ تو ایسی ہیں جو اپنے اہل خانہ کی واحد کفیل ہیں۔ عروج ممتاز نے کہا چونکہ خواتین کرکٹ آہستہ آہستہ فروغ پا رہی ہے، لہٰذا یہ وقت کا تقاضہ تھا کہ پی سی بی اس سکیم کے تحت نہ صرف اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت کرتا بلکہ انہیں یہ یقین دلانا بھی ضروری تھا کہ بورڈ ان کی قدر کرتا ہے اور ان مشکل لمحات میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک سیزن 2019-20ء میں مجموعی طور پر 48 کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا، جس میں سے 25 کھلاڑی تو اس سکیم سے مستفید ہوں گی جبکہ باقی ماندہ خواتین کرکٹرز یا تو پی سی بی کے کنٹریکٹ پر ہیں یا پھر وہ کہیں اور ملازمت کر رہی ہیں۔ عروج ممتاز نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کی بھی مشکور ہیں جنہوں نے اس معاملے کو سمجھا اور ایک ایسا فیصلہ کیا جو مستقبل میں خواتین کرکٹ کی پذیرائی اور فروغ میں معاونت کرے گا۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38