بھارت کشمیریوں کو آزاد ی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کر سکتا: بلوچستان اسمبلی
کوئٹہ(بیورو رپورٹ) بلوچستان اسمبلی کے حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے کہا ہے کہ بھارت چاہے جتنے بھی مظالم ڈھا لے وہ کشمیریوں کو آزاد ی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کر سکتا، کشمیر میں لوگوں کو محصور ہوئے 365دن بیت چکے ہیں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عملدرآمد کرکے کشمیری عوام کو ان کے حقوق دیئے جائیں ظلم کے خلاف پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مظالم کے خاتمے اور کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے پیش کی جانے والی قرار داد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی، بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ دس منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار بابر خان موسیٰ خیل کی زیر صدارت شروع ہوا ۔اجلاس میں صوبائی وزیر میرسلیم کھوسہ نے وزیراعلیٰ جام کمال خان ،صوبائی وزراء میر عارف محمد حسنی ، مبین خان خلجی ، قادر علی نائل کی مشترکہ قرار داد ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارتی آئین سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے لئے آرٹیکل 370کے خاتمے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں غاصب بھارتی افواج کی جانب سے بربریت ، محاصرے ، لاک ڈائون ، مواصلاتی نظام پر پابندی، مسلسل کرفیو اور بے گناہ کشمیری عوام پر ظلم و جبر میں مزید اضافے کا ایک سیاہ سال مکمل ہورہا ہے ۔ جس کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی ۔ پاکستانی قوم آج پوری دنیا میں یوم استحصال کشمیر منارہی ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچائی جاسکے ۔ لہٰذا یہ ایوان متفقہ طو رپر حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طو رپر تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) اور سلامتی کونسل میں اس معاملے کو اٹھائے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ اور معصوم شہریوں کو بھارتی افواج کے ظلم ، بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی سے روکا جاسکے ۔ نیز بلوچستان کے عوام اور ان کے منتخب نمائندے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور بربریت کی پرزور الفاظ میں مذمرت اور اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں ۔