یوم استحصال : پی سی بی کے تحت لاہور، کراچی میں تقریبات ، کشمیر کا سفیر ہوں : شاہد آفریدی
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے پی سی بی ہیڈکوارٹر میں بھی تقریب منعقد کی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے تمام ملازمین نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں جمع ہوکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور تمام سٹاف نے مل کر قومی ترانہ بھی پڑھا۔اس موقع پر پاکستان کی سالمیت اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا بھی کی گئی۔دوسری جانب یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پی سی بی ہیڈکوارٹرز کی طرح کراچی میں بھی خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا، نیشنل سٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان کی قیادت میں سابق ٹیسٹ کپتان وسیم باری سمیت بورڈ کے آفیشلز اورکارکنان سٹیڈیم کی مرکزی عمارت کے سامنے جمع ہوئے، پاکستان اور کشمیرکے جھنڈے لہرائے گے، قومی ترانہ پڑھا گیا اورایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سابق کپتان شاہد آفریدی نے خود کو کشمیر کا سفیر قرار دیدیا۔ ٹوئٹر پر یوم استحصالِ کشمیر کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا۔انہوں نے ٹوئٹ میں پاکستان اور کشمیر کا جھنڈا شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر موجود سرفہرست ٹرینڈ کا استعمال کیا۔یعنی ’میں کشمیر کا سفیر ہوں‘ لکھا۔قومی ریسلر انعام بٹ نے کہا ہے کہ کشمیر میں ہماری ماوں بہنوں بیٹیوں پر ظلم وستم کئے جارہے ہیں، ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرکے جبر وستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے جو کسی کیلئے بھی قابل برداشت نہیں، ہمارا خون کا ایک ایک قطرہ اپنے کشمیری بھائیوں کیلئے حاضر ہے، ہم ان کی آزادی کی اس جدوجہد میں برابر کے شریک ہے اور ان کیساتھ کھڑے رہیں گے، مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، انشااللہ مقبوضہ کشمیر بھی جلد پاکستان بنے گا۔انعام بٹ نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کواپنی قراردادوں پرعمل کروانا چاہئے، پہلے بھی بہت دیر ہوچکی ہے اب مزید دیر نہیں کرنی چاہیے۔انصاف میں تاخیر بہت بڑا ظلم ہے اور اس ظلم کو اب بند ہونا چاہیے۔کشمیریوں کا فیصلہ استصواب رائے سے ہی ہوسکتا ہے۔اس کا کوئی دوسرا حل نہیں۔