قربانی ایک سعادت - صفائی عین عبادت
بزدار حکومت کے عیدالاضحی پر صفائی کے مثالی اقدامات
جاوید یونس
دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جوزندگی کے تمام پہلوئوں کا احاطہ کرتا ہے خواہ اس کا تعلق باطنی زندگی سے ہو یا دنیاوی زندگی سے۔قرآن وحدیث میں پاکیزگی،طہارت اور صفائی کی اہمیت پر بہت زیادہ زور دیا گیا ہے۔یہی وجہ ہے صفائی کو نصاف ایمان کہا گیا ہے۔کوئی بھی مسلمان اس وقت تک اللہ تعالی کے حضور پیش نہیں سکتا جب تک وہ پاک صاف نہ ہو۔10ذی الج کو ہر سال ملک بھرمیں لوگ نے سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کا فریضہ ادا کرتے ہیں۔ لوگ اپنی اپنی حیثیت کے مطابق اللہ کی راہ میں جس قدرجانور قربان کرتے ہیں ،اسی لحاظ سے صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی ان ایام میں شہریوں اور حکومت سے ذمہ داری کا تقاضا کرتے ہیں۔
اس مقصد کے تحت وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدقربان پر صوبہ بھر میں صفائی کو یقینی بنانے اور جانوروں کی آلائشوں کو فوری طور پرٹھکانے لگانے کے لئے صوبائی،ڈویژنل،ضلعی وتحصیل لیول پر خصوصی اقدامات کر کے ذاتی طور پر اس عمل کی نگرانی کی۔صوبہ بھر میںکرونا کی وجہ سے اس مرتبہ منڈیاں شہر سے دو کلومیٹر دور قائم کی گئیں۔جن کی تعداد 299 تھی۔ ان کے اوقات صبح سات بجے سے شام سات بجے رکھے گئے۔ان منڈیوں میں داخلے کے لئے باقاعدہ ایس او پیز جاری کئے گئے۔کوئی شخص ماسک کے بغیر داخل نہیں ہو سکتا تھا۔ عید قربان پر انتظامات کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میںلوگوں میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا،جانوروں کی آلائشوں کو ڈالنے کے لئے بیگز تقسیم کئے گئے اور شکایات سیل قائم کئے گئے تاکہ صفائی سے متعلق شہری اپنی شکایات درج کروا سکیں۔دوسرا مرحلہ عید کے پہلے روز شروع ہوا جس کے تحت صوبہ بھر میں آپریشنل ہیلپ ڈیسک اور کنٹرول روم قائم کئے گئے،موبائل کولیکشن ٹیموں کی تشکیل اور جانوروں کی آلائشوں کو ڈمپنگ پوائنٹس پر پہنچانا شامل تھا۔تیسرا مرحلہ عید کے بعد کا تھا جس کے تحت زیرویسٹ کو یقینی بنانا،ڈمپنگ سائٹس کو بند کرنا سڑکوں کی دھلائی اور فنائل سے صوبہ بھر میں سپرے شامل تھا۔
وزیراعلی پنجاب نے عیدالاضحی پر شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور لوکل گورنمنٹ کے اداروں کو زیرویسٹ مینجمنٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔صفائی کے انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم قائم کئے گئے۔مین کنٹرول روم لوکل گورنمنٹ کمپلیکس میں قائم کیا گیا۔ حکومت کے متعلقہ اداروں کی ذمہ داری کے حولے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جاوید احمد قاضی نے وزیراعلی پنجاب کو صفائی پلان سے متعلق بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے عید الاضحی کے روز لوکل گورنمنٹ بورڈکمپلیکس ساندہ کادورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی مانیٹرنگ سیل کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی مانیٹرنگ سیل میں صوبہ بھر میں عید الاضحی پر صفائی کیلئے کیے جانیوالے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے ویڈیو لنک پر مختلف شہروں کی انتظامیہ سے گفتگو کی اورصفائی کے انتظامات کے بارے میں ضروری ہدایات دیں۔انہوںنے کہا کہ عید الاضحی پر شہروں کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ۔صفائی کے اچھے انتظامات پرمتعلقہ اضلاع کے افسروں اورعملے کو انعام دیا جائے جبکہ خراب کارکردگی پر جواب طلبی بھی ہوگی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آلائشوں کو بروقت اٹھا کر لاہور سمیت تمام شہروں کو صاف ستھرے رکھنا ہو گا۔اس کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں ،متعلقہ ادارے اورانتظامیہ صفائی انتظامات کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ حکومت محکمہ بلدیات کی استعداد کار بڑھا رہی ہے ۔نئے بلدیاتی الیکشن کی طرف جارہے ہیں ۔نئے بلدیاتی نظام سے عوام حقیقی معنوںمیں بااختیار ہوںگے ،جس سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوسکیں گے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور ڈویژن میں عید الاضحی گرینڈ صفائی آپریشن میں قربانی کے جانوروں کی تقریباً ساڑھے پینسٹھ ہزار ٹن آلائشوں کو کولیکشن کے بعد ٹھکانے لگایا گیاہے۔ لاہور شہر میں 54 ہزار ٹن، ضلع شیخوپورہ میں ساڑھے پانچ ہزار ٹن، ضلع ننکانہ صاحب میں 3100ٹن جبکہ ضلع قصور میں 3ہزار ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔ لاہور ڈویژن میں موصول ہونے والی 8889 شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا۔ لاہور میں شکایات ازالہ کی شرح 95 فیصد رہی ہے۔ عید کے تینوں دنوں میں انتظامیہ مکمل طور پر متحرک اور فعال رہی۔ آلائشوں کو اٹھانے کے بعد کئی علاقوں میں عرق گلاب کا چھڑکاو بھی کیا گیا جبکہ آلائشوں کو ماحولیاتی تحفظ کے قواعد کے مطابق دفن کیا گیا۔ لاہور میں3400 پک اپ گاڑیوں، 311 کیمپوں اور 119 عارضی کولیکشن سنٹرز کے جامع انتظامات کے تحت صفائی آپریشن پوری ڈویژن کی طرح اطمینان بخش رہا ہے۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر میں عیدالضحی کے حوالے سے خصوصی صفائی آپریشن کیا گیا۔ قربانی کے جانوروں کی54 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں کامیابی سے ٹھکانے لگائیں۔جانوروں کی آلائشوں کو بہترین حکمت عملی جس میں مجموعی طور پر 3400 سے زائد وہیکلز بشمول پک اپس، 119عارضی طور پر قائم ویسٹ کلیکشن اینڈ ٹرانسفر سٹیشنز،293 عید کیمپوں کا قیام شامل تھا، کی مدد سے اکٹھا کیا گیا۔ عید کے تیسرے روزلکھوڈیر ڈمپنگ پوائنٹ سمیت ۴ پوائنٹس پر ماحول دوست طریقے سے زمین میں دفن کر کے مٹی و چونے سے ڈھک دیا گیا۔ایل ڈبلیوایم سی نے عید کے اختتام پر شہر میں قائم اجتماعی قربان گاہوں، عارضی کلیکشن پوائنٹس اور مویشی منڈیوں میں زیرو ویسٹ آپریشن بھی کیا جبکہ جامع مساجد، عید گاہوں، قربان گاہوں کی ڈس انفیکٹنٹ سے خصوصی دھلائی کی گئی۔ جس کے بعد عرق گلاب اور چونے کا بھی استعمال کیا گیا۔ صوبائی وزراء صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، چئیرمین ایل ڈبلیو ایم سی اور ایم ڈی ایل ڈبلیوا یم سی عید الاضحی کے تینوں روز عید کیمپ، ویسٹ کلیکشن سنٹر اور ڈمپنگ پوائنٹس کا دورہ کرتے رہے اور جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پرعید الاضحیٰ کے دوران پنجاب کے تمام شہروں اوردیہی علاقوں کو صاف رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جن کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے عوامی نمائندوں کی سربراہی میں صحت و صفائی کا بہترین انتظام یقینی بنایا گیا پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے عید کے پہلے اور دوسرے دن راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں صفائی کے کام کی نگرانی کی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی اویس منظور تاڑر نے شہر کے مختلف حصوں میں آلائشیں اٹھانے اور کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے کام کا جائزہ لیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اس مرتبہ پنجاب میں صفائی کے اعلی انتظامات کئے گئے جن کی وجہ سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کرنے میں مدد ملی اور کسی بھی مقام پر تعفن پید ا نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران مجموعی طور پر 9000ٹن سے زائد سالڈ ویسٹ جمع کرکے ڈمپنگ اسٹیشن تک پہنچایا گیا ۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ انوارالحق نے بھی عید کے پہلے اور دوسرے دن راولپنڈی کے مختلف حصوں کا دورہ کرکے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں عید الاضحی کے تین ایام میں ایک اندازے کے مطابق 9ہزار ٹن قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔سرگودہا‘ خوشاب‘ بھکر اور میانوالی میں مجموعی طورپر 12سو گاڑیاں او رمشینری استعمال میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ25سو سینٹری ورکرز‘ سوکے قریب ٹرالیاں‘ 25 ڈمپر اور 2ہزار سے زائد ہتھ ریڑھیاں استعمال میں لائی گئیں۔ چاروں اضلاع میں عید الاضحی کے تینوں ایام میں صفائی آپریشن صبح 5بجے سے رات گئے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہا۔ عید الالضحی کے تین دنوں میں ساہیوال ڈویژن سے 3257 ٹن آلائشین اٹھائی گئیں جس کے لئے میونسپل اداروں کی ٹیموں نے تین روز دن رات کام کیا۔ ساہیوال میونسپل کارپوریشن نے 2325 ٹن آلائشیں اٹھائیں جس کے لئے 25 کولیکشن پوائنٹس بنائے گئے تھے۔ ضلع اوکاڑہ میں 1390 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں جبکہ ضلع پاکپتن سے542 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔
ڈی جی خان میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید کے ایام کے دوران 2600ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا۔شہریوں کو 25000کے قریب پلاسٹک بیگز دیئے گئے۔کمپنی کے 490عملہ اور 80گاڑیوں نے عید آپریشن میں حصہ لیا۔مظفرگڑھ شہر سے عید ایام کے دوران 139ٹن آلائشوں کو تلف کیاگیا ۔ٹریکٹر ٹرالیوں،63ہاتھ ریڑھیوں اور 208ملازمین نے عید آپریشن میں حصہ لیا۔ ضلع لیہ کی میونسپل کمیٹی نے چار ٹرالیوں، 20لوڈر رکشوں اور 130عملہ نے عیدآپریشن میں حصہ لیا۔ اس دوران شکایات سیل میں موصول درخواستیں بھی کارروائی کر کے نمٹائی جاتی رہیں۔
ملتان شہر میں عید کے دنوں میں صفائی کے لئے 2400 ورکرز کی فورس اور 450 کے لگ بھگ گاڑیاں فیلڈ میں موجود رہیں جب کہ انتظامی افسران بھی نگرانی پر مامور تھے۔واضح رہے کہ عید کے پہلے روز شہر سے 12 ہزار 541 ٹن آلائشوں کو اٹھایا گیا جبکہ عید کے پہلے دو دنوں میں مجموعی طور پر9 ہزار ٹن ویسٹ اٹھایا گیا۔ پہلے دو دنوں میں شکایات سیل میں مجموعی طور پر 1667شکایات موصول ہوئیں جبکہ شکایات نمٹانے کی شرح99 فیصد رہی۔
ضلع وہاڑی میں کل 575 سینٹری ورکرز کام پر مامور رہے۔ 17 عدد ٹریکٹر ٹرالیاں، 6 ٹریکٹر بمعہ لوڈر، 5 ٹریکٹر بمعہ فرنٹ بلیڈ، 22رکشہ لوڈر، ہینو لفٹر ،کنٹینرو ٹریکٹر استعمال کئے گئے۔ آلائشیں اکٹھی کرنے کیلئے 88پوائنٹس بنائے گئے ۔ عید الاضحی کے تینوں دن کے دوران 1000ٹن سے زائد آلائشیں اکٹھی کرکے ٹھکانے لگائی گئیں-لودھراں میں 700 ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائیں گئی۔ ضلع بھر میں آلائشیں اٹھانے کے لیے 100 گاڑیاں تین دن تک متحرک رہیں۔
ضلع فیصل آباد میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اورمیونسپل کمیٹیز نے عیدالاضحی کے تین ایام میں 20ہزار ٹن سے زائدقربانی کے جانوروں کی الائشیں اکٹھی کرکے ڈمپنگ سائٹس پر تلف کیں۔آپریشن میں تقریبا دو ہزار گاڑیوں،لوڈر رکشوں،ڈمپر،شاول ودیگر مشینری استعمال کی گئی۔کم آبادی والے شہروں ضلع جھنگ، چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،جہلم، چکوال، بہاولپور میں عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے شہربھر میں بھرپو انداز میں آگاہی مہم بھی چلائی گئی ۔آگاہی مہم کے دوران شہریوں میں ہزاروںپلاسٹک ویسٹ بیگز اور آگہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے اور ان پمفلٹس کے ذریعے تمام سپروائزی اور آپریشنل اسٹاف کے موبائل نمبرز بھی فراہم کیے گئے تاکہ لوگوں کو عملہ صفائی تک باآسانی رسائی حاصل رہے۔ان اقدامات کے ذریعے مقامی اداروں کوعیدالاضحی صفائی آپریشن کے دوران متعلقہ شہروں کو صاف ستھرا رکھنے میں شہریوں کابرابرتعاون حاصل رہا۔اس طرح مرکز شکایات، ہیلپ لائن ، وٹس ایپ نمبروںپرکالز موصول ہونے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا جاتا رہا ۔