مودی سرکار نے طاقت کے نشے میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر کے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے اور اس غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا: عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے طاقت کے نشے میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر کے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے اور اس غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا۔بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں اور مودی سرکار کا یہ فیصلہ انسانی حقوق پر کھلم کھلا حملہ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ مودی سرکار کا یہ متنازعہ اقدام پاگل پن ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ بھارت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے انحراف کیا ہے۔ مودی سرکار کو نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا حساب دینا ہوگا۔ عالمی برادری کو اب ہر صورت بیدار ہونا پڑے گا اور بھارت کے متنازعہ اقدام کا نوٹس لینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مودی سرکار نے گھنائونے اقدامات کرکے جنت نظیر وادی کشمیر کو جہنم بنا دیا ہے اور بھارتی فوج نے کشمیری عوام کو آزادی کے اپنے پیدائشی حق سے باز رکھنے کیلئے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے ہیں۔بھارت نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے معصوم کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے لیکن بھارت کا ہر حربہ کشمیری عوام کی آواز کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ سیکولر بھارت کے چہرے پر بدنما داغ ہے اور پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت نے فوجی جارحیت کے ذریعے مقبوضہ و جموں کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار نے ایک بار پھر خطے میں امن کو دائو پر لگا دیا ہے اور بھارتی اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر متنازعہ علاقہ ہے اور پاکستانی قوم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ دیں گے۔