پنجاب حکومت اور چینی کمپنی کا سولر پاور پلانٹ کا معاہدہ
پنجاب حکومت اور چین کی توانائی سیکٹر کی معروف کمپنی زیڈ ٹی ای کے مابین سولر پاور پلانٹ لگانے کیلئے تعاون کے معاہدے پر گذشتہ روز دستخط ہو گئے، معاہدے کے تحت چینی کمپنی 500 میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگائے گی۔ پاکستان اس وقت توانائی کے سنگین بحران سے دوچار ہے۔ عوام نے 11 مئی کو مسلم لیگ (ن) کو اپنے مسائل کے حل کیلئے مینڈیٹ دیا تھا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک و قوم کو توانائی بحران سے نجات دلانے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے ہمسایہ ملک چین کا دورہ کر کے وہاں کی حکومت اور پرائیویٹ کمپنیز سے توانائی بحران کیلئے تعاون مانگا، انہیں پاکستان آ کر کام کرنے کی دعوت دی۔ چینی کمپنیز نے توانائی سیکٹر میں کام کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ اس سلسلے میں چینی کمپنی زیڈ ٹی ای چولستان میں سولر پاور پلانٹ لگائے گی جس سے شروع میں 300 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی جسے مستقبل میں بڑھا کر 500 میگا واٹ تک پہنچایا جائے گا اور یہ منصوبہ صرف ایک سال میں مکمل ہو گا۔ 18ویں ترمیم کے بعد حکومت پنجاب کی جانب سے توانائی کے حصول کیلئے ایسے منصوبوں کا آغاز خوش آئند ہے، دیگر صوبوں کو بھی ایسے منصوبوں پر کام شروع کرنا چاہئے تاکہ عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی جا سکے۔