پاکستان ٹیم کی بدترین کارکردگی، نیوزی لینڈ کا ون ڈے سیریز میں وائٹ واش

Apr 06, 2025

لاہور (سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو 43 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ میزبان نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا آخری میچ ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا گیا۔ میچ سے قبل ہونے والی بارش کے باعث میدان کا آؤٹ فیلڈ گیلا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، ٹاس میں تاخیر ہونے کی وجہ سے تیسرے ون ڈے میچ کو 42 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ میزبان ٹیم نے 42 اوورز میں 8 وکٹ پر 264 رنز بنائے۔ کپتان بریسویل نے 40 گیندوں پر 58 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی پہلی وکٹ 13 رنز پر گر گئی۔ نائیک کیلے 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، رائس ماریو نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیرل مچل 43 اور ہنری نکولس 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ٹم سیفرٹ نے 26 رنز بنائے، محمد عباس 11 اور مچل ہے 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ عاکف جاوید نے 4 وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ 2، فہیم اشرف اور سفیان مقیم نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 40 اوورز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،  پہلی وکٹ 73 رنز پر گری، عبداللہ شفیق 33 سکور بنا کر پویلین لوٹے، امام الحق چہرے پر گیند لگنے کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ان کی جگہ عثمان خان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بابراعظم نے 58 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی، سلمان آغا 11 ، کپتان محمد رضوان 37 ، طیب طاہر 33، نسیم شاہ 17، فہیم اشرف 3، سفیان مقیم 2 جبکہ محمد وسیم بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔ بین سیئرز نے 5، جیکب ڈفی 2 جبکہ محمد عباس اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔مائیکل بریسویل کو میچ جبکہ بین سیئرز کو سیریزکا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ 

مزیدخبریں