ممتاز زہرا بلوچ کی پاکستانی میڈیا نمائندگان سے ملاقات، خدمات کو سراہا 

Apr 06, 2025

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے) سفیر پاکستان فرانس ممتاز زہرا بلوچ کی دعوت پر پاکستانی صحافیوں نے سفارتخانہ پاکستان میں ان سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستانی سفیر نے دیار غیر میں پاکستانی صحافیوں کی خدمات کو سراہا۔ معیشت، دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری، ثقافت، تعلیم سمیت وسیع پیمانے پر بات چیت ہوئی جس کا مقصد پاک فرانس تعلقات کو مزید مضبوط اور فروغ دینا تھا۔ سفیر نے ان کے کردار کو سراہا اور فرانسیسی معاشرے میں پاکستان کے موقف کو مزید فروغ دینے اور پاکستانی میڈیا میں سفارتخانے کی متعدد مصروفیات کے ساتھ ساتھ پاکستانی تارکین وطن کے تعاون کی عکاسی کرنے کیلئے انہیں سفارت خانے کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے پاکستان فرانس تعلقات میں بہتری کے حوالے سے صحافیوں کو آگاہ کیا اور بتایا کہ گزشتہ چند سالوں میں ان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ فرانس کے ساتھ پاکستان کی زراعت میں بہتری کیلئے کام ہورہا ہے۔ انہوں نے یونیسکو میں پاکستان کے قائدانہ کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ سفیر پاکستان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا فرانس کی پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد و اتفاق سے پاکستان کا امیج بہتر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کے مختلف طبقہ فکر کے نمائندوں سے ملاقاتیں کررہی ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے نوجوان فرانس میں بہت مثبت کام کر رہے ہیں اور فرانس کی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ 

مزیدخبریں