ڈی جی خان: 11 ڈاکٹر‘ ایک نرس کرونا پازیٹو‘ چنیوٹ 5 مریض سامنے آ گئے
گوجرانوالہ‘ ڈی جی خان‘ چنیوٹ‘ بھلوال‘ جھنگ‘ الہ آباد‘ فیصل آباد‘ بوریوالا‘ خوشاب‘ ڈسکہ‘ اوکاڑہ‘ سرگودھا‘ سیالکوٹ (علاقائی نمائندگان‘ نامہ نگاران سے) پنجاب کے مختلف شہروں میں نئے کرونا کیسز آنے کا سلسلہ گزشتہ روز اتوار کو بھی جاری رہا۔ ڈی جی خان میں11 ڈاکٹر اور ایک نرس میں وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ چنیوٹ میں ایک روز کے دوران 5 کیسز سامنے آئے۔ سیالکوٹ بوریوالا میں 3,3 ‘ خوشاب 2 ‘ بھلوال‘ ڈسکہ اوکاڑہ میں ایک ایک شخص میں وبائی مرض سامنے آ گیا جبکہ گوجرانوالہ ریجن میں وائرس کا شکار افراد کی تعداد 145 تک پہنچ گئی۔ تاندلیانوالہ میں تبلیغی جماعت کے 8 ارکان کو کورنٹائن کیا گیا جبکہ کمالیہ میں نوجوانوں نے خود ہی گاؤں کو سیل کر دیا۔ لالیاں میں 4 مریض صحت یاب ہو گئے جبکہ 77 زائرین کو ملتان سے جھنگ منتقل کر دیا گیا۔ اس طرح ایران سے مزید 50 زائرین کا قافلہ فیصل آباد پہنچ گیا جسے قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خاں کے 11 ڈاکٹرز اور ایک نرس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق مثبت رپورٹ آنے والے عملے کو آئسولیشن کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ عملہ غازی یونیورسٹی کے قرنطینہ سنٹر میں تعینات تھا۔ ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 70 افراد کو کرونا ٹیسٹ کرائے گئے تھے۔ 56 کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ ایک ہی روز میں چنیوٹ کے پانچ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق نے ضلع بھر میں سنسنی پھیلا دی۔ بھوانہ‘ رضا نگر‘ طاہر آباد سے ایک ایک مریض جبکہ دو کا ہرسہ بلہہ سے ہے۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد ریاض کا کہنا تھا کہ ایران سے آئے 18 زائرین ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے رپورٹ نیگیٹو آنے پر چنیوٹ واپس آئے تھے۔ دوبارہ ٹیسٹ پر پانچ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ نوشہرہ وادی سون کے نواحی موضع پیل محلہ رکن پورہ کے رہائشی بائیس سالہ مہر اسامہ کا علامات پر لیا گیا ٹیسٹ رزلٹ منفی آ گیا۔ بھلوال کے نواحی قصبہ رتو کالا میں تبلیغی وفد کے ایک رکن بخش زمان میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ شخص کو سرگودھا سینٹر شفٹ کر دیا گیا جبکہ وفد میں شامل دیگر تمام افراد کو مسجد میں پابند کر کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق ایران سے آنے والے 77 زائرین کو 14 روز رکھنے کے بعد ملتان لیبر کمپلیکس قرنطینہ سے جھنگ منتقل کر دیا گیا۔ 77 زائرین اور گاڑیوں کے 6 افراد پر مشتمل عملہ کا تعلق تحصیل جھنگ‘ احمد پور سیال‘ اٹھارہ ہزاری اور شورکوٹ سے ہے۔ ملتان سے جھنگ منتقل کئے گئے زائرین میں مرد‘ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ لالیاں ٹی ایچ کیو ہسپتال قرنطینہ سنٹر میں داخل چار مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔ ان کے ٹیسٹ منفی آنے کے بعد صحت یاب افراد بارے محکمہ صحت کے مقامی ڈاکٹر اور انتظامیہ حکام کی ہدایت کا انتطار کر رہے ہیں۔ چند روز قبل الہ آباد کے رہائشی حوالدار اقبال کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر محلہ کے چند افراد کے سیمپل ٹیسٹ کیلئے لاہور بھیج دیئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز چار سالہ بچی عنایہ کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر اسسٹنٹ کمشنر چونیاں عدنان بدر نے مذکورہ بازار کو مکمل طور پر سیل کر کے پولیس کے اہلکار تعینات کر دیئے اور بچی کے اہلخانہ کے سیمپل لیبارٹری بھیج دیئے گئے ہیں۔ ڈس انفیکشن کیلئے سپرے کا عمل بھی شروع کروا دیا گیا ہے۔ کرونا وائرس کے شبہ میں ایران سے آنیوالے مزید 50 زائرین فیصل آباد پہنچ گئے۔ 29 زائرین کو زرعی یونیورسٹی پارس کیمپس جھنگ روڈ جبکہ 21 زائرین کو جی سی یونیورسٹی جھنگ روڈ نیو کیمپس میں قائم قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔ فیصل آباد قرنطینہ سنٹر میں مقیم زائرین کی تعداد 276 ہو گئی۔ 50 زائرین کے سیمپلز آج اور کل لاہور لیبارٹری کو بھجوائے جائیں گے۔تبلیغی مرکز بورے والا میں مقیم 53 افراد کے سیمپلز لیبارٹری بھجوائے گئے۔ ٹیسٹ رپورٹ کے مطابق تین افراد یحییٰ، جلاور اور سبحان اللہ میں کرونا وائرس پا ئے جا نے کی تصدیق ہو نے پر انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ضلع خوشاب میں کرونا کے مریض سامنے آگئے۔ دونوں مسافر ہیں، 22 سالہ فیصل کا تعلق دیر جبکہ 56 سالہ غلام علی کا تعلق پاکپتن سے ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق دونوں کو ساتھیوں سمیت کرنٹائن کردیا گیا ہے۔ ڈسکہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3ہوگئی۔ ڈی ڈی ایچ او ڈسکہ کے مطابق تین روز قبل کالج روڈ کے ذیشان ڈار نے نجی لیبارٹری سے ٹیسٹ کرایا، رپورٹ مثبت آنے پر بیوی اور بچوں کی بلڈ رپورٹیں لیکربھیجی گئیں، ذیشان ڈار کی بیوی کی رپورٹ بھی پازٹیو آگئی ہے۔ باقی اہل خانہ کی رپورٹس آنا ابھی باقی ہے۔ اوکاڑہ قرنطینہ میں داخل شخص کا کرونا کا دوسرا ٹیسٹ پازیٹو آگیا۔ پہلاٹیسٹ نیگٹوآیا تھا، متاثرہ غلام سرور لاہور ہسپتال میں اپنے بھائی کی دوران علاج دیکھ بھال کرتا تھا، اکبر دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔ احتیاطی تدابیر پر غلام سرور کا ٹیسٹ رزلٹ پازیٹو آگیا، جسے آئسولیشن وارڈ میں شفٹ کردیا گیا ہے۔ تاندلیانوالہ میں تبلیغی جماعت کے 8 کرونا مشتبہ افراد کو بلال شہید مسجد میں کورنٹائن کرنے کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کی موجودگی میںسیمپل لے لئے، چند روز قبل 8 تبلیغی افراد کو بلال شہید مسجد میں کورنٹائن کیا گیا تھا۔ 6مردان سے اور 2غیر ملکی شامل ہیں۔ تمام کو قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔ سرگودھا تبلیغی جماعت کے علاقہ فیکٹری ایریا میں پیپلز کالونی کو 65 سالہ پازیٹو مریض اور اس کے بیٹے اور بیوی کے شکار ہونے پر ضلعی انتظامیہ نے پوری آبادی کو قرنطینہ قرار دے دیا تھا۔ تیسرے روز نصف رات کو قرنطینہ میں ایک خاتون کی طبیعت خراب ہونے پر محکمہ صحت کی کارکردگی کا پول کھل گیا۔ انتظامیہ کی طرف سے کوئی سہولت نہیں دی گئی جبکہ تین روز سے مکین پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں۔ امدادی کیمپ میں سازوسامان میسر نہیں اور کریانہ سٹور میں کھانا پکانے کی اشیاء موجود نہ ہیں۔ ایک گیٹ کے ذریعے تمام سہولیات میسر کر رکھی ہیں۔ اس قرنطینہ کے لوگوں نے تیسرے روز این این آئی کو بتایا کہ انتظامیہ اور محکمہ صحت کی طرف سے کوئی سہولیات میسر نہیں، بچے بوڑھے پینے کا پانی نہ ملنے سے بلبلا رہے ہیں۔ سرگودھا ریجن کے علاقہ منکیرہ میں تبلیغی جماعت کی قرنطینہ قراردی گئی مسجد سے 50 سے زائد افراد کے فرار کا مقدمہ مہتمم مسجد کے خلاف درج کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 50 سے زائد افراد دروازوں کے راستے فرار ہو گئے جس پر ڈی پی او بھکر نے متعلقہ ایس ایچ او کو لائن حاضر کر دیا جبکہ تھانہ منکیرہ نے تحصیلدار محمد رمضان کی مدعیت میں قرنطینہ سے نصف افراد کے فرار پر مہتم مسجد مولانا عظیم کے خلاف زیر دفعہ 188 ت پ مقدمہ درج کر لیا۔ کمالیہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق 707گ ب کے نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گائوں کو سیل کردیا۔ داخلی اور خارجی راستے بیریئر لگا کر بند کر دئیے۔ کروناوائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے نوجوانوں نے لوگو ں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے بھی منع کردیا ہے۔ نہایت ضروری کام کے سلسلہ میں گائوں سے باہر جانے والے افراد کے ہاتھ واش کروائے جا رہے ہیں اور سینیٹائز کیے جا رہے ہیں۔ ضلع سیالکوٹ میںکرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سات ہو گئی، ملتان قرنطینہ سنٹر سے مزید 54 زائرین کو کیڈٹ کالج پسرور کے قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں مزید تین افراد کے ٹیسٹ پازٹیو آنے سے متاثرین کی تعداد سات ہو گئی۔ گوجرانوالہ ریجن بھر میںوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 145ہو گئی۔گوجرانوالہ 22، سیالکوٹ 7، نارووال 3، گجرات 93، حافظ آباد 6، اور منڈی بہائولدین کے 14افراد شامل ہیں ۔ پانچ سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز گوجرانوالہ میں سات افراد کا کرونا ٹیسٹ پازٹیو آیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں کو سیل کرنا شروع کر دیا جبکہ 125سے زائد گھروں کو ہی قرنطینہ بنادیا گیا ہے۔