کراچی میں لاکھوں کی تعداد میں غذائی اجناس کی ضرورت ہے‘خالد
کراچی (نیوزرپورٹر)ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے اپنی نگرانی میں غذائی اجناس سے بھرے متعدد ٹرک کراچی کی مختلف علاقوں میں لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانواں میں تقسیم کیلئے روانہ کیے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز خدمت خلق فانڈیشن کے مرکزی دفتر واقع فیڈرل بی ایریا سے غذائی اجناس سے بھرے متعدد ٹرک کنوینر خالدمقبول صدیقی ،سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان،اراکین رابطہ کمیٹی نے اپنی نگرانی میں کراچی کے مختلف علاقوں اسکیم 33،محمود آباد،لیاری،سرجانی،ڈسٹرکٹ ملیر،پاک کالونی،لائنزایریا اور لیاقت آباد کے مختلف علاقوں میں لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیلئے روانہ کیا۔ ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے ٹرک کی روانگی کے موقع پر ایم کیوایم کے تمام کارکنان کو پابند کرتے ہوئے کہا کہ عام عوام کی عزت نفس کا خیال کرتے ہوئے متاثرہ عوام کی دہلیز پر ہی یہ غذائی اجناس فراہم کیں جائیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے مزید کہا کہ کراچی کے مخیر حضرات کا تہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہیں کہ انہوں نے دل کھول کرخدمت خلق فانڈیشن کی مدد کی جسکے سبب خدمت خلق فانڈیشن کے رضاکار ایسے لوگوں کی مدد انکے گھر پہنچ کر کررہے جن کو اس وقت مدد کی سخت ضرورت ہے۔ ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے مزید کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے ذریعے یہ بات بھی علم میں آئی ہے کہ ابھی تک جو امدادی کام کیے ہیں اس سے کئی گناہ زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے،کراچی میں لاکھوں کی تعداد میں غذائی اجناس کی ضرورت ہے، مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ خدمت خلق فانڈیشن کی مزید امداد کریں۔