ملتان: چناب میں نچل درجے کا سیلاب ، 20بستیاں زیر آب، فلڈ الرٹ جاری کرنے پر غور
ملتان (نیٹ نیوز) دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہونے سے ملتان کے نشیبی علاقوں کی 20 سے زائد بستاں زیر آب آ گئی ہیں جس کی وجہ سے سینکڑوں ایکڑ پر کاشت مختلف فصلیں تباہ ہونے پر حکومت نے سیلاب الرٹ جاری کرنے کے حوالے سے غور شروع کر دیا ہے۔ دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جس سے نشیبی علاقے قاسم بیلہ، بستی لنگڑیال، امروٹ اور سیال سمیت بیس سے زائد بستیوں میں کٹائو ہونے سے دریا کا پانی داخل ہو چکا ہے جس سے سینکڑوں ایکڑ اراضی پر تیار گندم کی فصل تباہ ہو چکی ہے جبکہ آلو، اروی، سٹرابری کیساتھ آم کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ بستیوں کے مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی شروع کر کے دریائی علاقوں میں بند باندھنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ جس پر وزیراعلی پنجاب کے ترجمان ندیم قریشی کا کہنا ہے کہ کرونا کیساتھ سیلاب کی تباہی پریشان کن ہے، اسی لیے حکومت جلد ہی سیلاب الرٹ جاری کر دے گی۔ کٹائو سے متعدد گھر تباہ ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے متاثرہ بستیوں کے مکینوں کی بڑی تعداد بھی گھروں میں پھنس کر رہ گئی ہے۔