حکومت ناکامی کاغصہ تبلیغی جماعت وآئمہ مساجدپہ نہ نکالے،مولانا عمرصادق
کراچی( نیوزرپورٹر) جمعیت علماء اسلام ضلع غربی کراچی کے امیرو سابق صوبائی پارلیمانی لیڈر مولانا عمرصادق، جنرل سیکریٹری مولانافخرالدین رازی ، مولانا شیرین محمد ، مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن،نیک امان اللہ مسعود، ،ڈاکٹرنصیرالدین سواتی ،مولانا محمد بلال ، حافظ محمد نعیم،مولانا عبد القادر بلوچ ،قاری محمد اشرف مینگل،حاجی محمودخلجی، حافظ حبیب الرحمن خاطر اورقاری محمد سعیدمہمند نے جمعہ کے اجتماعات کو روکنے کیلئے آئمہ مساجدکے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کرنے،علماء کرام کی بے توقیری کے بڑھتے واقعات اور تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد کو ہراساں ، تشدد کا نشانہ بنانے اورمنفی پروپیگنڈہ کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کرونا سے نمٹنے میں بدترین انتظامی ناکامی اور بیڈگورننس کو تبلیغی جماعت کے خلاف منفی پروپیگنڈوں میں چھپانے کی کوشش کررہی ہیں،جے یو آئی تبلیغی جماعت کے ارکان کے ساتھ شانہ نشانہ ہیں اور ہرممکن تعاون جاری رکھے گی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں کرونا سے نمٹنے کے انتظامات کرنے کی اہلیت نہیں رکھتیں اور نہ ہی انہیں گورننس کا کچھ پتہ ہے تو خدارا اپنی ناکامی کاغصہ تبلیغی جماعت کے امن کے داعیوں اور علماء کرام وآئمہ مساجدپہ نہ نکالے،کرونا سے متاثرہ تبلیغی جماعت کے اراکین اشتہاری مجرم نہیں بلکہ قابل توجہ مریض ہیں،دوسروں پاکستانی شہریوں کی طرح تبلیغی جماعت سے وابستہ کسی شہری کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تو ان کا باقاعدہ اور عزت و احترام کے ساتھ علاج کرانا چاہئیے لیکن انہیں تحقیرانہ انداز میں مساجد سے نکالنا، گرفتار کرکے تھانے لے جانا حکومتی وبیوروکریسی میں شامل مذہب بیزاروزراء اورافسران کا اہل دین سے روایتی نفرت کا مظہر ہے۔وفاقی حکومت، سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں ظلم وزیادتی پر تبلیغی جماعت کے پرامن داعیوں سے معافی مانگے اور متعصب پولیس افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔