اللہ کریم خدمت خلق کی توفیق عطا فرمائے

حضرت جابر ؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایمان والا محبت کرتا ہے اور اس سے محبت کی جاتی ہے، اس شخص میں کوئی بھلائی نہیں جو نہ محبت کرے اور نہ اس سے محبت کی جائے اور لوگوں میں بہترین شخص وہ ہے جو سب سے زیادہ لوگوں کو نفع پہنچانے والا ہو"۔ (جامع الصغیر)کوروناوائرس کے باعث مزدور طبقے کا روزگار متاثر ہوا ہے جبکہ اشیاء مہنگی ہونے کی وجہ سے غریب طبقے کیلئے سامان کا حصول بھی مشکل ہے اب وقت ہے کہ ہم ایک اچھی قوم بن کر دکھائیں۔اس وقت عام آدمی دو طرح کی مشکل میں پھنسا ہوا ہے، ایک طرف لاک ڈاون نے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی مشکل کر دی ہے تو دوسری طرف کو رونا کے خوف نے زندگی مشکل بنا دی ہے
باہر وبا کا خوف گھر میں بلا کی بھوک …کس موت سے مروں میں زرا رائے دیجئے
غریب، مزدور، دھاڑی دار کی زندگی میں یہ دن کئی بار آتا ہے کہ اسے کام نہیں ملتا لیکن وہ اس امید پر گھر جاتا ہے کہ کل مل جائے گا اور وہ اپنے بچوں کا پیٹ پالے گا۔ایک مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا یہ اخلاقی فرض ہے کہ ہم از خود ایسے نادار لوگوں تک پہنچیں اور ہر ممکن تعاون کریں۔ اس وطن عزیز کے دامن میں ایسے افراد بھی پناہ گزین ہیں کہ جنہیں اللہ تعالیٰ نے مالی وسعتوں سے نوازا ہے، مخیر حضرات سے درخواست ہوگی کہ اپنے اخراجات میں اعتدال کرتے ہوئے ان دھاڑی دار مزدوروں کی داد رسی کریں تاکہ ان کٹھن حالات میں ان کی مدد کریں تاکہ یہ مشکل وقت آسانی سے گزر جائے … شاعر مشرقؒ کے روحانی مرشد جلال الدین رومی ؒ کی سہنری بات! ,,اللہ کریم کی طرف جانے کے بہت سے راستے ہیں ، میں نے وہ راہ چنی جو رب کائنات کو پسند ہے اور وہ راستہ ہے مخلوق کی خدمت کرنا،،حضرت امام زین العابدین ؓ کا فرمان ہے اگر لوگوں کو خدمت خلق سے ملنے والے اجر کی حقیقت معلوم ہوجائے تو لوگ ایک دوسرے پر سبقت کیلئے آپس میں مقابلہ کریں ۔ اللہ کریم ہمیں افتاد کی ان ساعتوں میں خدمت انسانیہ کی توفیق عطا فرمائے آمین(سحر رشیداسلام آباد )