بی آر ٹی بسوں کی آزمائشی سروس چند روز بعد ہی عارضی طور پر بند کر دی گئی۔
حیات آباد میں پیش آنے والے حادثے کے بعد بی آر ٹی کی آزمائشی سروس کو بند کر دیا گیا۔
پشاور میں حیات آباد فیز تھری چوک کے قریب تیس سالہ لبنیٰ کوبی آر ٹی بس نے ٹکر مار دی، حادثے میں خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی روٹ پر حادثے میں خاتون کی ہلاکت کا واقعہ افسوسناک ہے، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
خاتون کی شناخت لنبیٰ کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق چارسدہ کی تحصیل تنگی سے ہے۔
چند روز قبل ہی خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی بسوں کی آزمائشی سروس شروع کی تھی۔
دو روز قبل خیبر پختونخوا کی انسپکشن ٹیم نے اپنی رپورٹ میں بھی بی آر ٹی منصوبے میں کئی خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی منصوبہ مناسب منصوبہ بندی کے بغیر شروع کیا گیا، ڈیزائن میں تبدیلی کے باعث منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہوا اور عوام کے پیسے کو بی آر ٹی پر ضائع کیا گیا۔