بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہر شعبے میں اہم کردار ادا کرنا ہے کیونکہ وہ مستقبل کی قیادت ہیں۔ وہ ہفتے کے روز راولپنڈی میں امریکہ کی کارنیل یونیورسٹی سے ملاقات کیلئے آنے والے طلباء کے ایک گروپ سے گفتگو کررہے تھے۔
بری فوج کے سربراہ نے طلباء کو پاکستان کے بارے میں اپنے خیالات اور پائیدار امن کی جانب اس کے سفر کے بارے میں بتایا۔ بری فوج کے سربراہ نے پاکستان کے متحرک نوجوانوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کامیابیوں کا سہرا جونیئر قیادت کی بہادری اور جذبے کو جاتا ہے اورمجموعی طور پر قومی ترقی میں ان کا کردار اہم ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں طلباء نے پاکستان کے دورے کے دوران اپنے تجربات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت اور پرامن ملک ہے۔طلباء نے ملک میں قیام کے دوران لاہور، وادی ہنزہ، پارلیمنٹ ہائوس اور اسلام آباد کا دورہ کیا ۔
طلباء نے اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پرامن اور خوبصورت پاکستان کے بارے میں خود حاصل کردہ حقائق کو اپنے ساتھ لے کر واپس جارہے ہیں۔