پنجاب فوڈ اتھارٹی کی گٹکا مافیا کے خلاف بڑی کاروائیاں ، 2وئیر ہاؤس ، معروف پان شاپ سیل
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمز نے لاہور اور گردونواح میں گٹکا مافیا کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے مضر صحت گٹکا فروخت کرنے پر 2وئیر ہاؤس اور معروف پان شاپ کو سیل کر دیا جبکہ 6500پیکٹس گٹکا ساشے برآمد کر کے تلف کر دئے گئے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصیلات سے آگاء کرتے ہوئے بتایا کہ گٹکا فری، ملاوٹ فری پنجاب مشن کے تحت صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری رکھے ہو ئے ہیں۔فوڈ سیفٹی ٹیمزنے خصوصی ہدایات پر کاروائیاں کرتے ہوئے ماڈل ٹاؤن کچہری کے پاس گٹکا برآمد ہونے پر معروف پان شاپ کو سیل کر دیا ۔گٹکا مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران سمن آباد میں گٹکا وئیر ہاؤس پر کارروائی کے دوران 3ہزار پیکٹ سے زائد گٹکا برآمد کر لیا گیا۔علاوہ ازیں راولپنڈی ڈھوک سیداں کے علاقے میں بھی 3500پیکٹ گٹکا برآمد کر کے وئیر ہاؤس سیل کر دیا گیا۔ شیخوپورہ کی آپریشنز ٹیمز نے علی الصبح شیخوپورہ سے ملتان سپلائی کے لیے لے جایا جانے والا بھاری مقدارمیں گٹکا بر آمد کر لیا۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ پنجاب بھر سے اب تک 20لاکھ سے زائدگٹکا پیکٹ برآمد کر کے تلف کیے جا چکے ہیں۔عوامالناس سے گزارش ہے کہ گٹکا ایک خاموش زہر قاتل ہے جو کہ کینسر سمیت متعدد موذی امراض کا باعث بنتا ہے۔پنجاب بھر کو گٹکا فری بنانے کا مشن مکمل کر کے چھوڑیں گے۔ اس سلسلے میں گٹکا کے کاروبار میں ملوث افراد گٹکا کا کاروبار ترک کر دیں۔ کسی بھی جگہ سے دوبارہ گٹکا برآمد ہونے کی صورت میں لائسنس کینسل کرنے اور مقدمہ درج کروانے کی سزا پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر صوبوں سے آنے والے گٹکے کی سپلائی لائن بھی ختم کر رہے ہیں جس میں کافی حد تک کامیابی ملی ہے۔