ملک میں جو منتخب وزرائے اعظم کے ساتھ ہوتا آیا وہ کسی اور وزیراعظم کے ساتھ نہ ہو: مریم اورنگزیب
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کے عوام ملک میں بروقت انتخابات چاہتے ہیں، ملک میں انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، سینیٹ کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں ہوئی تھیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر نہیں کی جائے گی، چیف جسٹس کو چاہیئے کہ وہ صاف اور شفاف انتخابات کو بھی یقینی بنائیں، ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں مساوی مواقع ملنا چاہیئں، الیکشن کمیشن بھی انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ مریم اورنگزیب نے سیاسی مخالفین پر بھی طنز کے نشتر برسائے بولیں کہ آصف زرداری جس جماعت کی نمائندگی کر رہے ہیں وہ پیپلز پارٹی نہیں، بلاول کو چاہیئے کہ وہ والد کو پیپلز پارٹی میں آنے کی دعوت دیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حاصل بزنجو اور محمود اچکزئی کے پیچھے وہ تمام لوگ ہیں جن کی وہ نمائندگی کرتے ہیں، یہ آوازیں پاکستان کے طول و عرض سے اٹھ رہی ہیں، انشاءاللہ آنے والے وقت میں پاکستان میں جمہور کی طاقت ہوگی، پاکستان میں جمہوریت کی بالا دستی ہوگی۔