قومی ادارہ صحت کو عالمی معیار کے مطابق نیشنل پبلک ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ قرار دیا گیا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے چیئرمین ڈاکٹر حفیظ الرحمن دریشک کی قیادت میں قومی ادارہ صحت اسلام آباد کا دورہ کیا ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی صحت پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام نے ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ بھی موجود تھیں۔ دورے کے بعد پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام نے قائمہ کمیٹی کو ادارے کے اصلاحاتی ایجنڈا اور عالمی معیار کا صحت عامہ اور تحقیقاتی ادارہ بنانے کے لیے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ این آئی ایچ ملک میں صحت عامہ کے حوالے سے اہم ترین ادارہ ہے او ر ہم نے اس کی کارکردگی عالمی معیار کے مطابق لانے کا عزم کیا تھا ۔ مجھے خوشی ہے کہ آج ہمیں نہ صرف اس مقصد میں کامیابی ہوئی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ادارے میں کی گئی اصلاحات کی ستائش ہو رہی ہے۔ اس موقع پر قائمہ کمیٹی کے ممبران نے ادارے میں بڑے پیمانے پر کی گئی تبدیلیاں اوراصلاحات کی تعریف کی اور اس سلسلے میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ ہم نے ادارے کو عالمی معیار کے مطابق کھڑا کرنے کے لیے دن رات کوششیں کیں اور اس سلسلے میں بہترین تکنیکی وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا قومی ادارہ صحت کو عالمی معیار کے مطابق نیشنل پبلک ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ قرار دیا گیا ہے ۔ 148 تکنیکی ماہرین کو خالصتاّ میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ادارے کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی تیاری اور لیبارٹری کی اپ گریڈیشن میں بڑی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں اور ادارے میں بڑے پیمانے پر انتظامی او ر مالی اصلاحات کی گئیں ہیں جس کے نتیجے میں ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔