نواز شریف کی اگلی منزل جیل کسی صورت نہیں بچ سکتے : شیخ رشید
اسلام آباد+گوجرانوالہ(آن لائن+نمائندہ خصوصی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی اگلی منزل جیل ہے وہ اس سے کسی صورت نہیں بچ سکتے اور وہ مسلسل جھوٹ بول کر قوم کے جذبات سے کھیل رہے ہیں کیونکہ ایک جھوٹ چھپانے کے لئے سو جھوٹ بولنے پڑتے ہیں جبکہ پانامہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کے نواز شریف کے تنخواہ وصولی کے تصدیقی بیان سے سچ کھل کر سامنے آرہا ہے جو نواز شریف اور ن لیگ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا اور نواز شریف سزا سے بچنے کے لئے تحریک چلانے کا جوشوشہ چھوڑ رہے ہیں اس کا انجام بھی مجھے کیوں نکالا جیسا ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے احتساب عدالت میں واجد ضیاء کی جانب سے نواز شریف کے نتخواہ وصولی کی تصدیق کے حوالے سے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف مسلسل جھوٹ بول کر قوم کے جذبات سے کھیل رہے ہیں لیکن ان کی اگلی منزل جیل ہے جس سے وہ کسی صورت بچ نہیں سکتے ۔