ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں فارماسسٹ کی بھرتیاں قانونی قرار دیدیں
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں فارماسسٹ کی بھرتیوں کو قانون کے مطابق قرار دے دیا۔ عدالت نے پاکستان فارماسسٹ ایسوسی ایشن کی بھرتی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔ ہائیکورٹ نے سترہ صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن متاثرہ فریق نہیں۔ بھرتی کے معاملات میں مداخلت کا اختیار بھی نہیں رکھتی، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت چیف جسٹس پاکستان کے حکم کے مطابق جعلی ادویات کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے۔ ایسوسی ایشن کا اختیار نہیں کہ وہ حکومتی پالیسی میں مداخلت کرے، فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ نئی بھرتی سے ایسوسی ایشن کے ممبران متاثر نہیں ہوں گے۔ فارماسسٹ ایسوسی ایشن نے سترہ سکیل میں دوسال کے لئے فارماسسٹ کی بھرتی کو چیلنج کیا تھا۔ درخواستگزار ایسوسی ایشن نے موقف اختیار کیا تھا کہ پبلک سروس کمشن کے ذریعے ہی فارماسسٹ بھرتی کئے جاسکتے ہیں۔ درخواست گزار ایسو سی ایشن نے استدعا کی کہ ریکروٹمنٹ پالیسی کے مطابق فارماسسٹ کی بھرتی کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے جبکہ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ فارماسسٹ کی بھرتی حکومتی رولز آف بزنس کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی۔