پارک میں کھیلتی 7 سالہ بچی کو لیگی ایم پی اے کے پالتو کتے نے کاٹ لیا‘ شدید زخمی
لاہور (نامہ نگار) جنوبی چھاؤنی کے علاقے میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے اکمل سیف چٹھہ کے پالتو کتے نے پارک میں کھیلتی 7سالہ بچی کو کاٹ کر شدید زخمی کر دیا ہے۔ پولیس نے ایم پی اے کے ملازم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی چھاؤنی کے علاقے نادر آباد میں واقع پارک میں بچے کھیل رہے تھے کہ علی پور چٹھہ سے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے اور محکمہ تحفظ ماحولیات کے پارلیمانی سیکرٹری اکمل سیف چٹھہ کا پالتو کتا ملازم سے رسہ چھڑوا کر پارک میں داخل ہو گیا۔ بچے ڈر کے مارے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔ اسی اثناء میں کتے نے 7سالہ مائزہ نامی بچی کی بائیں ٹانگ پر کاٹ لیا۔ بچی کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے زخمی بچی مائزہ کے والد شاہد پرویز کی درخواست پر ایم پی اے کے ملازم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔