مشیر قومی سلامتی کو بھارتی ہائی کمشنر سے ملاقات ملتوی کرنی چاہئے تھی،وزیرخارجہ
اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہاہے کہ موجودہ صورتحال میں مشیر قومی سلامتی کو بھارتی ہائی کمشنر سے ملاقات ملتوی کرنی چاہیے تھی، اپنی سیاست اوراقتدار کی جنگ میں ہم کشمیر کاز بھول چکے ہیں،کشمیریوں اور فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،ہم مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھا رہے ہیں، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کشمیری مذہب کی بنیاد پر نہیں کشمیری ہونے کے ناطے آزادی چاہتے ہیں کشمیری چونکہ مسلمان ہیں اس لیے تحریک آزادی کو مسلم تحریک بھی کہہ سکتے ہیں 6اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو یہ پیغام دینا ہے ہم آپ کے لیے فکر مند ہیں ہماری محبت کا اظہار اسطرح نہیں ہو رہا جس طرح کشمیری مقبوضہ وادی میں پاکستان کے ساتھ محبت کا اظہار کر رہے ہیں وہ اپنے شہداء کو پاکستان کے پرچم میں دفن کر رہے ہیں پاکستان کے نعرے لگا رہے ہیں مسجدوں میں پاکستان کے قومی ترانے گائے جا تے ہیں انڈیا کے پبلک ڈے پر پاکستان کا جھنڈا لہرا کر بچے سیلوٹ کر رہے ہوتے ہیں پاکستانی پاکستان سے اتنی محبت نہیں کرتے جتنی محبت کشمیری پاکستان کے ساتھ کرتے ہیں۔ میرا ایمان ہے کشمیریوں اور فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا بھارت کے ساتھ معاملات پر روس کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے ترکی اور ایران کے بھی بھارت کے ساتھ تعلقات ہیں بھارتی ہائی کمشنر کے ساتھ ملاقات شائد کشیدگی میں کمی کے لیے کی گئی امریکہ چاہتا ہے کہ ہم وہی رول ادا کریں جو مشرف نے کیا تھا امریکہ چاہتا ہے ہم افغانستان میں ان کے لیے لڑیں افغانستان چاہتا ہے ہم افغانستان میں ان کے لیے پراکسی وار لڑیں امریکی پابندیوں کا پہلے بھی مقابلہ کیا آئندہ بھی کر سکتے ہیں۔