پی آئی اے میں خواتین پائلٹس کیلئے 10 فیصد مختص کوٹے پر عمل کیا جائے: ہائیکور ٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے پی آئی اے میں خواتین پائلٹس کے دس فیصد مختص کوٹے پر عمل درآمد کا حکم دے دیا۔ جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پی آئی اے پائلٹس کی بھرتیوں میں خواتین کو پالیسی کے خلاف نظرانداز کیا گیا۔ پی آئی اے میں پائلٹوں کی بھرتیوں کے لئے دس فیصد کوٹہ خواتین کے لئے مختص ہے۔ عدالت پالیسی کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں پر بھرتیوں کا عمل مکمل کرنے کے احکامات صادر کرے۔ پی آئی اے کے ریکروٹمنٹ منیجر نے بتایا کہ خواتین کوٹے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، پی آئی اے میں 2013 خواتین فرائض سرانجام دے رہی ہیں، 800 سے زائد خواتین فلائٹ آپریشن فرائض سرانجام دے رہے ہیں، پائلٹ ایک حساس جاب ہے جس کے لیے َمیرٹ نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، معذور افراد کو اسی لیے پائلٹ بھرتی نہیں کیا جاتا، جس پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے کیا انہیں معذور سمجھا جائے، ائیر فورس میں خواتین پائلٹ بھرتی ہو کر جنگی جہاز اڑا رہی ہیں۔