نہتے کشمیریوں کی مدد نہ کی تو بھارت پاکستان کا پانی بند کر دیگا: مشال ملک
لاہور (لیڈی رپورٹر) حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فوج روزانہ کی بنیاد پر نہتے کشمیریوں کا قتل کر رہی ہے اور کشمیر کے عوام پاکستان سے مدد کی امید رکھتے ہیں۔ اگر پاکستان نے کشمیر کی مدد نہ کی تو وہ دن دور نہیں جب بھارت کی طرف سے پاکستان کا پانی روک دیا جائے گا اور پاکستانیوں کو پینے کا پانی بھی میسر نہیں رہے گا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار سائوتھ ایشین سٹڈیز اور شعبہ سیاسیات کے زیراہتمام ’کشمیر پر جاری بھارتی مظالم کے سنٹر کے سیمینار ہال میں منعقدہ خصوصی پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں۔ ڈائریکٹر سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید، فیکلٹی ممبران، ایم فل، پی ایچ ڈی سکالرز اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں مشال ملک نے نہتے اور معصوم کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کی داستان بیان کرتے ہوئے خاص طور پر پاکستانی نوجوانوں سے مدد کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ٹوئٹر، یو ٹیوب، فیس بک و دیگر سوشل ویب سائٹس کے ذریعے کشمیریوں کیلئے مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء کیلئے کشمیر بہت اہمیت کا حامل ہے جس کی ہم سب کو مدد کرنی چاہئے۔