اکھاڑہ تنازعہ: انصاف نہ ملا تو گورنر کی رہائشگاہ کے سامنے دھرنا دینگے: حامد پہلوان
ملتان( سپورٹس رپورٹر) رستم پاک وہند حامد خان پہلوان نے کہا ہے کہ اگر انہیں انصاف نہ دیا گیا تو وہ اپنے اعزازات سمیت دیگر پہلوانوں کے ہمراہ گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ کی رہائش گاہ کے سامنے دھرنا دیں گے ۔ اکھاڑہ زمن خان ملتان کارپوریشن کی منظوری کے بعد 1960میں قائم کیا گیا۔ اس وقت ڈی جی بریگیڈیئر ریٹائرڈ تصدیق حسین نے اس کی تعمیر نو کا افتتاح کیا۔ یہ ریسلنگ کلب جنوبی پنجاب میں ریسلنگ یونیورسٹی کی حیثیت رکھتا ہے۔ زمن خان بین الاقوامی شہرت کا حامل پہلوان اور پہلوان ساز تھے۔ اب یہ اکھاڑہ ان کے بیٹے شاہد خان پہلوان اور حامد خان پہلوان چلا رہے ہیں۔ یہاں سے بیسیوں ایسے پہلوان ابھر کر سامنے آئے ہیں جنہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ملک وقوم کا نام روشن کیا وہ گزشتہ روز اکھاڑہ زمن خان پاکستان وانٹرنیشنل ریسلر شاہد خان پہلوان، رستم ملان ڈویژن اچھی پہلوان، رستم ملتان ماکھا پہلوان، استاد تاجا پہلوان، استاد نصرو پہلوان، حاجی حفیظ پہلوان، کنوینئر ملتان خالد خان، استاد ظہور پہلوان، یاسر عباس کاکا پہلوان اور استاد اکرم پہلوان بیٹیاں والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے کوارڈینیٹر قمر عباس بھولا نے ہمیشہ فن پہلوانی کو نقصان پہنچایا جو کئی دہائیوں سے اس فن پہلوانی پر قابض ہیں جنہوں نے ہمیشہ اکھاڑے بند کرائے ہیں انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور آر پی او ملتان سے مطالبہ کیا کہ یہاں کے تمام مکینوں کے پاس وہی کاغذات موجود ہیں جو ان کے پاس ہیں تاہم اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ طریقے سے رپورٹ تیار کی جائے۔ اس سلسلہ میں وہ جلد آر پی او ملتان سے ملاقات کریں گے۔