اسحاق ڈار اثاثہ جات ضمنی ریفرنس، صدر نیشنل بنک سمیت 3 شریک ملزموں پر فرد جرم عائد
اسلام آباد (آئی این پی‘آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے ضمنی ریفرنس میں تینوں شریک ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ جمعرات کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف نیب ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران ضمنی ریفرنس میں شامل ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ضمنی ریفرنس میں شامل تینوں شریک ملزمان نعیم محمود، منصور رضا منصوری اور صدر نیشنل بینک سعید احمد پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ اس موقع پر صدر نیشنل بینک سعید احمد کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل نے احتساب عدالت سے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد ہونے سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔جس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا احترام ہے لیکن ابھی وہاں سے کوئی حکم نہیں آیا۔معزز جج نے مزید ریمارکس دیئے ملزمان پر فرد جرم عائد کر دیتے ہیں، کوئی حکم آیا تو کارروائی ختم ہو جائے گی۔بعدازاں ریفرنس میں نامزد شریک تینوں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے 11 اپریل کو استغاثہ کے گواہان کو طلب کرلیا۔ دوسری جانب شریک ملزم منصور رضا نے گزشتہ سماعت پر ہونیوالی بدمزگی پر عدالت سے غیرمشروط معافی مانگ لی اور عدالت کو آگاہ کیا کہ جاوید اکبر شاہ اب ان وکیل نہیں ہیں۔