گڑھا موڑ: پولیس حراست سے فرارچور اہل علاقہ نے دوبارہ پکڑ لیا
گڑھاموڑ (نامہ نگار )پولیس چوکی گڑھاموڑ نے ملزمان کو کھلی چھٹی دے دی ،چوری کا گرفتار ملزم ہتھکڑی سمیت فرار ،اہل محلہ نے دوبارہ پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ،متاثرین سراپا احتجاج ،ڈی پی او وہاڑی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ۔تفصیل کے مطابق گڑھاموڑ محلہ کھوکھر آباد کے رہائشی ملک عار ف اپنے رشتہ دار کی عیادت کرنے کیلئے گزشتہ روز چک نمبر100ڈبلیو بی گیا تو تین ملزمان جاوید ولد بشیر سکنہ بہاولنگر اور دو نامعلوم چور گھر داخل ہو گئے اور تین لاکھ 80ہزار کے زیور نقدی اور کپڑے لیکر فرار ہو رہے تھے کہ اہل محلہ نے ایک چور جاوید کو پکڑ لیا اور چھترول کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا ۔پولیس کی بروقت کاروائی نہ کرنے پر دیگر دو نا معلوم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔چوری کے گرفتار ملزم جاوید کو پولیس نے ہتھکڑی لگا کر کواٹر میں چار پائی کے ساتھ باندھ رکھا تھا کہ پولیس اہل کاروں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور ہتھکڑی سمیت فرار ہو گیا ۔اہل محلہ نے تعاقب کر کے دوبارہ پکڑ لیا اور منیس گروپ کے سیاسی رہنماء مہر صدیق احمد ٹیٹہ کھرل کی ضمانت پر ایس ایچ او مترو ظہور احمد چھینہ اور چوکی انچارج گڑھاموڑ ارشاد احمد سکھیرا کے حوالے کر دیا ۔