الیکشن کمیشن نے قصور کے 2قومی،5 صوبائی حلقوں پر اعتراضات منظورکر لیے
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے قصور کے دو قومی اور پانچ صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر اعتراضات منظور کر تے ہوئے تحریری حکم نامہ فریقین کو فراہم کر دیا،الیکشن کمیشن کو قصور سے38 اعتراضات موصول ہوئے تھے جن میںسے این اے 137۔ این اے 138اور پی پی 174، 175، 180، 181اور 182پر اعتراضات منظور کر لیے گئے۔دریں اثناء الیکشن کمیشن نے ضلع شکار پور کے دو قومی اور تین صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے اعتراضات پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ، فیصلہ آج جمعہ کوسنایا جائے گا۔ درخواست گزروں نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ شکار پور میں خان پور اور لکھی کو اکٹھا نہیں رکھا جا سکتا ہے،خان پور اور لکھی میں لوگوں کی آپس میں دشمنیاں ہیں،ان دونوں تحصیلوں کو الگ الگ رکھا جائے۔الیکشن کمیشن میں نئی مجوزہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات سننے کے لئے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی ہے۔سماعت کے دوران شکار پور کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات سنے گئے ،شکار پور سے کل 22 اعتراضات دائر ہوئے جن میں قومی اسمبلی کے حلقوں پر 10 جبکہ صوبائی حلقوں پر 12 اعتراضات ہیں۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات پرسماعت کاشیڈول جاری کردیا، ( آج)جمعہ کو ضلع چترال ،سوات ،دیر بالا،دیر لوئر، بونیر، شانگلہ اور مانسہرہ ، مردان ، نوشہرہ ، اور صوابی کے اعتراضات سنیں جائیںگے،کل ایبٹ آباد ، ہری پور کے اعتراضات پر سماعت کی جائیگی ،9اپریل کو چارسدہ، پشاور ،کوہاٹ ، کرک، بنوں اور لکی مروت جبکہ 10اپریل کو ڈیرہ اسماعیل خان ، باجوڑ ایجنسی ، خیبر ایجنسی ، کرم ایجنسی ، اسلام آباد اور اٹک کے اعتراضات نمٹائے جائیں گے ، 11اپریل کو راولپنڈی ، چکوال ، جہلم جبکہ12اپریل کو گجرات، سیالکوٹ اور ناروال کے اعتراضات پر سماعت کی جائیگی ۔ 13اپریل کو گوجرانوالہ اور منڈی بہائوالدین ،14اپریل کو حافظ آباد ، سرگودھا، خوشاب ، میانوالی اور بھکر کے اعتراضات سنے جائیں گے۔