یوم یکجہتی کشمیر آج منائیں گے مقبوضہ وادی جھڑپیں متعدد افراد زخمی
سرینگر/ لاہور (اے این این + نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں شہری ہلاکتوں کےخلاف احتجاج جاری، بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ پاکستانی آج سرکاری طور پر یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں اننت ناگ، شوپیاں اور دیگر علاقوں میں بھارتی فورسز کی جانب سے شہریوں کی شہادتوں کےخلاف عوام بدستور سراپا احتجاج ہیں جبکہ حریت قیادت نے نماز جمعہ کے بعد احتجاج اور ہمہ گیر ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ احتجاجی پروگرام ناکام بنانے کےلئے بھارتی فورسز نے بھی لنگوٹ کس لئے ہیں۔ شوپیاں ضلع کی عملاً ناکہ بندی کی گئی ہے اور کسی بھی شہری کو شوپیاں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ اسلام آباد میں فورسز اور پولیس نے شوپیاں جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا ہے جبکہ حساس مقامات پر فورسز کے پہرے بٹھا دئےے گئے ہیں ۔حریت قیادت بدستور گھروں میں نظربند اور تھانوں میں قید ہے۔ یاسین ملک کے ریمانڈ میں مزید2دنوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ پولیس نے حریت کانفرنس کے لیے جن لیڈروں اور کارکنوں کو گھروں اور تھانوں میں نظربند کردیا ہے ان میں محمد اشرف صحرائی، حاجی غلام نبی سمجھی، غلام احمد گلزار، عمر عادل ڈار، شامل ہیں۔ دوسری جانب (آج) جمعہ کو پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کی شہادت پر کشمیری عوام کے ساتھ یوم یکجہتی منائیں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر کا اعلان وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کیا تھا۔اس موقع پر پاکستان سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کئے جائیں گے۔مظفر آباد اور اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفاتر میں یادداشتیں پیش کی جائیں گی اور وادی میں انسانی حقوق کی خلاف روزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ادھر مقبوضہ وادی میں شہری شہادتوں کےخلاف شوپیاں میں بعد دوپہرپتھراﺅ کے واقعات رونما ہوئے جبکہ فورسز اور پولیس نے آنسو گیس کے گولے بھی داغے۔ سخت ترین بندشوں کے بیچ شوپیاں کے بٹہ پورہ علاقہ میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان گھمسان کی جھڑپیں ہوئیں،جس کے دوران شلنگ اور پیلٹ کا استعمال کیا گیا ۔ کورٹ روڑ،بنہ بازار، شرمال اور میمندرعلاقوںمیں فورسز اور نوجوانوں کے درمیان تشدد کے واقعات رونما ہوئے، جس میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا اور کئی افراد کو چوٹیں آئیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کشمیری بھارت کے فوجی قبضے اورظلم وجبر کے آگے کبھی سرینڈر نہیں کریں گے اور اپنی جدوجہد صبح آزادی تک ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے شوپیاں مارچ طاقت کے بل پرروکنے اور حریت رہنماﺅں کو گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند رکھنے کے قابض انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی غنڈہ گردی قرار دیا۔دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے چھ اہم ممالک میںسفیر بھیجنے اور (جمعہ کو ) یوم یکجہتی کشمیر منانے کے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے ۔کٹھوعہ میںاغوا کے بعدبے حرمتی اور قتل کا نشانہ بننے والی 8سالہ کم عمر بچی آصفہ کے حوالے سے میڈیکل رپورٹ میں یہ بات کہی گئی ہے بچی کو اغوا کے بعد ایک مندر میں رکھا گیا تھا اور آبرو ریزی کے بعد اسے گلا دبا کر قتل کیا گیا۔
کشمیر
اسلام آباد (آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے پاکستان جامع مذاکرات کے لئے تیار ہے لیکن بھارت راہ فرار اختیار کررہا ہے، بھارتی مظالم نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا۔ فی الوقت بھارت کے ساتھ کوئی اہم پیشرفت متوقع نہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر نوٹس لے۔ ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا پاکستان بھارتی فوج کے مظالم اور ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بھارتی افواج نے صرف 2 سے 3 دن کے اندر 20 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ شہدا کی عمریں 19 سے 27 سال تھیں اور ان میں حفاظ کرام اور ایم فل سکالرز بھی شامل تھے۔ ان ہی دو روز میں بھارتی افواج نے پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کرکے 40 افراد کو بینائی سے محروم کیا اور 3 سو سے زائد نہتے کشمیری زخمی ہوئے۔ ترجمان نے کہا بھارت جان بوجھ کر کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور ان کا حوصلہ توڑنے کے لئے ان پر مظالم ڈھا رہا ہے جس کی پاکستان شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ پاکستان نے بھارتی مظالم کے جواب میں کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے بھارتی فوج کے مظالم سے زخمی ہونے والے افراد کے لئے دنیا کے کسی بھی ملک میں علاج کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے خصوصی اجلاس بلائے جن میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ کابینہ نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کی قرار داد منظور کی اور فیصلہ کیا پاکستان کشمیر کی کشیدہ صورتحال کے حوالے سے دنیا کے اہم ممالک میں نمائندہ وفود بھیجے گا۔ پاکستان بھارت دو طرفہ جامع مذاکرات کے حوالے سے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا پاکستان مذاکرات سے نہیں بھاگ رہا بلکہ ہر وقت تیار ہے لیکن بھارت مذاکرات سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے۔ فی الوقت بھارت کے ساتھ کوئی اہم پیشرفت متوقع نہیں۔ قبل ازیں ترجمان دفتر کارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے غیر ملکی سفیروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی جس میں سیکرٹری خارجہ اوردیگر اعلیٰ حکام نے غیر ملکی سفیروں کو بریف کیا۔ بریفنگ کے آغاز پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ویڈیو دکھائی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر کی خوبصورتی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا مقبوضہ کشمیرمیں بےگناہ نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے، غیرانسانی اور غیر اخلاقی طور پر پیلٹ گنز کا استعمال دیکھنے میں آیا ہے۔ خواتین اور بچوں کو پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ