کراچی کےعلاقے نصرت بھٹو کالونی میں شوہر نے نشے کیلئے پیسے نہ دینے پر بیوی اور تین بچوں پر تیزاب پھینک دیا۔
نصرت بھٹو کالونی میں اصغر نامی شخص کا بیوی سے نشے کیلئے پیسے نہ دینے پر جھگڑا ہوا جس پر طیش میں آکر شوہر نے بیوی اور تین بچوں پر تیزاب پھینک دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ جھلسنے والوں میں چالیس سالہ رقیہ، بارہ سالہ حسنین، دس سالہ احمر اور سات سالہ وقاص شامل ہیں۔ متاثرہ خاتون اور بچوں کو سول اسپتال کے برنز وارڈ منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ڈاکٹرز کےمطابق تیزاب سے خاتون کے جسم کا چالیس فیصد حصہ متاثرہوا ہے اور اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے تاہم متاثرہ بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کےمطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ متاثرہ خاتون کے بھائی کا کہناہےکہ اصغر نشے کا عادی ہے جس کے باعث میاں بیوی میں اکثر جھگڑا رہتا تھا۔