امریکہ کے کئی شہروں میں شدید بارش اور طوفان سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جبکہ نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
امریکہ کی ریاست جارجیا اور نارتھ کیرولینا میں تیز اور طوفانی بارشوں کے باعث کئی درخت گر گئے اور متعدد مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں۔ طوفان کی وجہ سے کئی مقامات پربجلی معطل ہونے سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔ درخت گرنے کے مختلف واقعات میں اب تک نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ میری لینڈ کے مقام پر درخت گرنے سے کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ اٹلانٹا، ٹینی سی اور فلوریڈا میں بھی طوفان کے باعث متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جارجیا میں گزشتہ ایک صدی میں آنے والا یہ سب سے بڑا طوفان ہے۔ متاثرہ علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔