حکومت  بلاسودقرضے ، مفت بیج اور کھاد کی فراہمی یقینی بنائے : کسان اتحاد 

Sep 05, 2022


کوئٹہ( این این آئی) کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلوں سے زراعت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ۔ حکومت کسانوں کو بلاسود زرعی قرضے اور مفت بیج اور کھاد کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ زمیندار دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکیں۔ شہداء  لسبیلہ کی یادمیں 6ستمبر کو مقامی ہوٹل میں تقریب  ہوگی جس میں شہداء کے خاندانوں کیلئے زمین کے کاغذات فراہم اور بارشوں کے متاثرین کیلئے کسان فنڈز اکٹھا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مون سون کی طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ملک سمیت بلوچستان میں50فیصد زراعت تباہ ہوگئی  اور زمینداروں کی ٹماٹر،پیازسمیت دیگر زرعی فصلیں اور باغات مکمل تباہ ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ صرف بلوچستان میں 2لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلات اور باغات کو نقصان پہنچا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر زمینداروں اورکسانوں کو ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے انہیں بلاسود زرعی قرضے فراہم کرے،بلوچستان کے زمینداروں کے بجلی کے بل معاف اورانہیں بیج اور کھاد کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ زمیندار دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑاہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ کسان اتحاد  کے زیراہتمام 6ستمبر بروز منگل کو لسبیلہ میں سیلاب زدگان کی امداد کے دوران ہیلی کاپٹرحادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسروں اوراہلکاروں کی یاد میں مقامی ہوٹل میں تقریب ہوگی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ہونگے۔ اس موقع پر کسان اتحاد ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسروں و اہلکاروں کے فی خاندان کو کوئٹہ کے علاقے شمالی ہنہ اور کرک میں 10ایکڑ زمین کے کاغذات حوالے کریں گے ۔

مزیدخبریں