مثبت حکومتی پالیسیوں سے معیشت استحکام کی طرف گامزن ہوگئی: صدر علوی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے نتیجے میں معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے اور پاکستان کا مستقبل کاروبارو سرمایہ کاری کیلئے زیادہ پراعتماد ہو گا۔ حکومت پائیدار معاشی ترقی کے لئے ادارہ جاتی اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔ کروناوائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لئے حکومت نے کاروباری طبقے کے لئے 1200 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا۔ تاجر برادری برآمدات کو فروغ دینے کے لئے مصنوعات کی برانڈنگ پر توجہ دے،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے تیسرے اچیومنٹ ایوارڈ 2020کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی صدر عارف علوی تھے۔مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق داؤد، وفاقی وزراء شبلی فراز، فواد چوہدری، ایم این اے ساجدہ ذوالفقار، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، چیمبر کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمن خان، اعلی سرکاری افسران اور سفارتکار بھی تقریب میں موجود تھے۔مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنانے کے لئے کوششیں تیز کریں۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کاروباری اداروں کی سہولت کیلئے ٹیکسوں و ڈیوٹیز میں مزید کمی لائے گی۔ استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے ہمیشہ معیشت کو چیلنجوں سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے کہا کہ حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ایک 10 سالہ معاشی بحالی کا منصوبہ بنائے۔اس موقع پر صدر ہسپتال ڈاکٹر عارف علوی نے سٹیل، فارماسوٹیکلز،، فلور مل، سوپ اینڈ کیمیکل، ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹکنالوجی، بینکنگ، میڈیکل سٹور، ہاسپی ٹیلیٹی، کوکنگ آئل اینڈ گھی، تیل کی تلاش، ہسپتال اور رئیل اسٹیٹ سمیت کاروبار کے مختلف شعبوں میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں اور شخصیات کو اچیومنٹ ایوارڈز دیئے۔