راولاکوٹ آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے

راولاکوٹ آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے، بتیس روز سے جاری لاک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی پر اظہار برہمی، مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی کثیر تعداد بھی سڑکوں پر نکل آئی۔
مقبوضہ کشمیر میں جاری طویل لاک ڈاؤن، بھارتی فوج کے نہتے عوام پر مظالم اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف مرد و زن اور پیروجواں سراپا احتجاج ہیں، جمعرات کے روز بھی جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے زیر اہتمام اظہار یکجہتی کے طور پربڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں خواتین اور تعلیمی اداروں کی طالبات کی کثیر تعداد بھارت کے خلاف نعرے لگاتی رہیں انہوں نے بھارت مخالف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔
بعد ازاں جموں وکشمیر پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام بھی حق خودارادیت ریلی نکالی گئی، جس نے کچہری چوک میں جلسے کی شکل اختیار کر لی۔ اس احتجاجی جلسے سے خطاب کے دوران مقررین نے بھارتی مظالم کی شدید مزمت کرتے ہوئے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ طویل لاک ڈاؤن اور بھارتی ظلم و بربریت کا فوری نوٹس لیا جائے.