برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی مشکلات کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھنے پراتفاق
برطانوی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق یہ یقین دہانی لندن میں کشمیر کے بارے میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ کی طرف سے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد نے پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا کے ساتھ ملاقات میں کرائی۔
برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے اعتراف کیا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کا منتظر ہے۔
اس موقع پر ہائی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کیلئے آواز اٹھانے پر تمام برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی تعریف کی۔