وفاقی کابینہ نے بیرون ملک سے رقوم واپس لانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی۔وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاوس میں ہوا، جس کے دوران 8 نکاتی ایجنڈا زیرِ غور آیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ باہر سے پیسے واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی اور اثاثوں کی ریکوری کے لیے وزیر اعظم ہاوس میں یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ رقوم کی واپسی کے لیے قانون سازی بھی کی جائے گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک غیر قانونی جائیداد کی نشاندہی کرنے والے کو 20 فیصد حصہ دیا جائے گا۔اس موقع پر مشیر بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ بیرون ملک موجود رقم کی معلومات فراہم کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ 'کابینہ نے تعلیم، صحت اور صفائی کے منصوبوں پر خصوصی بات کی، تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مدارس سمیت تمام اسکولوں میں یکساں بنیادی نصاب تعلیم رائج کیا جائے گا اور نجی اسکولوں کی فیسوں کو بھی مناسب سطح پر لایا جائے گا۔فواد چوہدری نے بتایا کہ نصاب کے لیے صوبوں کو شراکت داری دی گئی ہے اور صوبوں کو نجی اسکولوں کی فیسیں اسٹریم لائن کرنے کو کہا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، پانی اور صفائی کے منصوبوں کا تعلق صوبوں سے ہے، وفاق ان منصوبوں سے متعلق براہ راست اقدامات کرے گا۔ تعلیم سے متعلق بھی ایک ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔ ٹاسک فورس ڈھائی کروڑ بچوں کو اسکول واپس بھجوانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ ٹاسک فورس مدارس کے بچوں کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ مدارس لیول پر سرٹیفیکیٹ ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ملک بھر میں تعلیم سے متعلق ایک ہی سرٹیفیکیٹ کا اجرا کیا جائے گا۔ پرائیوٹ اسکولوں سے بھی بات چیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سلیبس سے متعلق بھی سارے متعلقہ حکام سے بات چیت ضروری ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اسکولوں میں جسمانی سزاوں پر پابندی کی بھی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بچوں سے زیادتی اور جبری مشقت پر پابندی کے اقدامات کی بھی منظوری دی ہے، جبکہ اسٹریٹ چلڈرن اور خواتین کے لیے سینٹر بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا اسٹریٹس چلڈرنز کیلئے ملک بھر میں یتیم خانے بنائے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے تمام صوابدیدی فنڈز ختم کر دیئے گئے ہیں اور اور صوابدیدی فنڈز واپس کرنے سے خزانے کو 80 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024