صدارتی انتخاب کے موقع پارلیمنٹ ہاوس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات
اسلام آباد (قاضی بلال) صدارتی انتخاب کے لئے پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ وزیراعظم عمران خان کو ووٹ ڈالنے کیلئے انتظار کرنا بڑا ۔دس منٹ تک وہ پرچی لیکر کھڑے رہے جبکہ پی ٹی آئی کے اراکین بھی ان کے ہمراہ گروپ کی شکل میں موجود رہے ۔پرایزئیڈنگ آفیسر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس انور کاسی جب سیٹ پر آئے تو پھر وزیراعظم نے اپنا ووٹ ڈالا اور ان سے ہاتھ ملا کر فوری طورپر ایوان سے باہر چلے گئے ۔ پارلیمنٹ ہاﺅس میں اپوزیشن پہلی نشستوں پر ایم ایم اے کے علماءکرام نے ڈیرے ڈالے ہوئے تھے ۔پیپلز پارٹی والے ووٹ ڈالنے کے بعد ایوان سے باہر چلے گئے تھے جب نتائج کا اعلان کیا گیا تو ن لیگ اور پی پی کے اراکین ایوان سے چلے گئے تھے ۔ مقررہ وقت دس بجے پولنگ شروع ہوگئی تو پارلیمنٹیرینز نے ووٹ کاسٹ کرنے کےلئے لمبی قطاریں بنا لیں۔ پریزائیڈنگ افسر نے ارکان پارلیمنٹ کوموبائل فون ساتھ لانے سے منع کر دیا۔ قومی اسمبلی ہال میں فرائض سرانجام دینے والے انتخابی عملہ اور دیگر نے نماز ظہر سپیکر چیئر کے پیچھے خالی جگہ میں باجماعت ادا کی۔ بلاول بھٹو زرداری، اعتزاز احسن، خورشید شاہ، شیری رحمان، نیئر بخاری اور رحمان ملک سمیت دیگر اراکین کے ہمراہ ایوان میں آئے جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے ہمراہ راجہ ظفر الحق، چوہدری تنویر، عمران علی شاہ، ڈاکٹر آصف کرمانی، میاں جاوید لطیف، رانا اسحاق اور احسن اقبال کے ہمراہ ہال میں آئے۔