پاکستان کے اقدامات قابل ستائش، گر ے لسٹ سے نکالنے پر تکنیکی معاونت کی پیشکش کی ہے
اسلام آباد(آن لائن) برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق عالمی میڈیاکی کوریج درست نہیں‘ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے تکنیکی معاونت کی پیشکش کی ہے ‘ اسحاق ڈار ، نواز شریف کے بیٹوں کی وطن واپسی سے متعلق درخواستوں کو میرٹ پر دیکھیں گے ‘ مقبوضہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل پاکستان بھارت سمیت دنیا کے مفاد میں ہے ۔ منگل کے روز ان خیالات کا اظہار برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے وفاقی دارالحکومت کے ایک نجی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لئے تکنیکی معاونت کی پیشکش کی ہے کیونکہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان نے بہترین اقدامات کئے ہیں جو قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا اسحاق ڈار اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹوں کی وطن واپسی کے معاملے پر بات نہیں کروں گا البتہ پاکستانی حکومت کی درخواست کو میرٹ پر دیکھا جائے گا ۔ تھامس ڈریو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل پاکستان بھارت سمیت دنیا کے مفاد میں ہے اور پاکستان سے متعلق عالمی میڈیا کی کوریج درست نہیں ہے ۔برطانیہ ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے اپنی دلچسپی جاری رکھے گا ۔